مزید خبریں

نیا پاکستان کی طرح نیا سندھ بھی بنے گا،اسد عمر

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اور سابقہ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکمران کہتے ہیں کہ ہمیں انتخابات کرانے کی جلدی نہیں کیونکہ جو انہیں لائے ہیں وہ ان سے خوش ہیں ، انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں ، انہوں نے مہنگائی کے نام کو مشکل فیصلے کا نام دیدیا ہے۔ وہ حیدرآباد ڈسٹرکٹ بار میں وکلاء سے خطاب کررہے تھے۔ اسد عمر نے کہاکہ 70 سال سے اس ملک میں روایت چلی آرہی ہے کہ بند کمروں میں مذاکرات ہوتے ہیں ، انہیں بیرون ممالک سے آشیرباد ملتی ہے ، اس وقت جو حکمرانی کررہے ہیں انہیں پتہ ہی نہیں کہ عوام کے ذریعے اقتدار میں کیسے آتے ہیں۔ اگر پاکستان میں اقتدار کا راستہ طاقتور طبقے اور بیرونی قوتوں کے ہاتھ میں ہوگا تو صحیح فیصلے نہیں کیے جاسکیں گے۔ انہوںنے کہاکہ 70فیصد پاکستانی پی ٹی آئی کی حکومت کی تبدیلی کیخلاف ہیں، ان کا ضمیر گوارہ نہیں کرتا کہ ایک بیرونی مداخلت کے ذریعے
حکومت تبدیل کردی جائے۔ پاکستان کے عوام کامیاب ہوں گے اور وکلاء اس میں کلیدی کردار ادا کریں گے، جس طرح نیا پاکستان بن رہا ہے اسی طرح نیا سندھ بھی بنے گا ۔ علاوہ ازیں اسد عمر نے کہا ہے کہ بہت جلد زبردستی کرسی پر بیٹھنے والوں سے اب آپ کی جان چھوٹنے والی ہے۔ 24 جولائی کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دن سب کو گھروں سے نکلنا ہوگا۔ جو کل تک دھمکیاں دے رہے تھے وہ آج ہماری منتیں کررہے ہیں یہی ہماری جیت ہے۔وہ حیدرآبا د کے مقامی ہوٹل میں پی ٹی آئی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ اسد عمر نے کہاکہ ڈیزل بالکل بھی مظلوم نہیں ، ڈیزل نے چیری بلاسم کو ایسی کرسی پر بٹھایا ہے ، ہم چیری بلاسم سے کہتے ہیں کہ آپ کی حکومت جانے والی ہے۔ آپ نے پہلے خیبر پختونخوا میں اے این پی اور فضل الرحمن کا سورج غروب ہوتے دیکھا اب پنجاب میں مسلم لیگ(ن) کی سیاست دفن ہوتے دیکھی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں بلے نے پتنگ کاٹ کر رکھ دی ہے اب اگلی باری حیدرآبا دکی ہے۔ بلا حیدرآباد سے چلے گا بدین، لاڑکانہ، سکھر سب جگہ جائے گا ، انہوں نے کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب سندھ میں حکمرانی ایک خاندان کی نہیں بلکہ عوام کی ہوگی۔