مزید خبریں

وزیر اعلیٰ بلوچستان کا ریکوڈک منصوبہ 14 اگست سے شروع کرنے کا اعلان

 

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کا باقاعدہ آغاز14اگست کو کیا جائے گا‘ ریکوڈک منصوبے میں بلوچستان کا حصہ25 فیصد ہے اس منصوبے سے صوبے کو سالانہ ایک ارب ڈالرز کی آمدن ہو گی جبکہ 7500 افراد کو روزگار ملے گا جن میں مقامی افراد کو ترجیح دیں گے۔ منگل کو کو ئٹہ میں وزیراعلیٰ نے بیرک گولڈ کارپوریشن کے سی ای او مارک برسٹو کے ہمراہ ریکوڈک منصوبے سے متعلق پریس کانفرنس کر تے ہو ئے کہا کہ سماجی بہبود کے پروگرامز کے لیے70ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں‘ ریکوڈک منصوبہ 40 سال تک جاری رہنے کا امکان ہے‘ پہلے مرحلے میں پلانٹ سالانہ 40 ملین ٹن دھات کی پروسیسنگ کرے گا جسے5 سال میں دگنا کیا جائے گا۔ دوسری جانب اس منصوبے پر ملک میں سرمایہ کاری کرنے والی بیرک گولڈ کارپوریشن کے سی ای او مارک برسٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بیرک کمپنی کے درمیان حتمی معاہدوں پر کام جاری ہے‘ شراکت داری کے تحت 50 فیصد حصہ بیرک کمپنی کا ہوگا‘ منصوبے کا 25 فیصد حصہ حکومتِ پاکستان اور 25 فیصد حصہ بلوچستان کے پاس ہو گا‘ بلوچستان حکومت کو بغیر کسی سرمایہ کاری کے رائلٹی اور ڈیویڈنٹ بھی حاصل ہوں گے‘ بیرک کمپنی قانونی اقدامات کے بعد فزیبلیٹی اسٹڈی پر نظرثانی کرے گی‘ ریکوڈک کے ذخائر سے تانبے اور سونے کی پہلی پیداوار 2027ء تک متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر کمپنی7 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی‘ پہلے مرحلے میں 4 ارب ڈالرز، دوسرے مرحلے میں 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو گی۔ مارک برسٹو نے یہ بھی بتایا کہ بلوچستان میں صحت، تعلیم، فوڈ سیکورٹی سمیت متعدد ترقیاتی پروگرامز کا آغاز کیا جائے گا۔