مزید خبریں

شیریں مزاری کا اپنے بیڈ روم سے وائس ریکارڈر برآمد ہونے کا دعویٰ

 

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شیریں مزاری نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی طرح ان کے بیڈروم سے وائس ریکارڈر برآمد ہوا ہے۔ اسلام آباد میں سینیٹر شبلی فراز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وائس ریکارڈر امریکی ماڈل کاہے جس کی معلومات انٹرنیٹ سے نکال لی گئی ہیں۔میڈیا کے سامنے ڈیوائس دکھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سننے والی ڈیوائس ہے اس سے آواز ریکارڈ ہوتی ہے اور اس کی رینج بھی کافی ہے، ابھی یہ ڈیوائس ٹریس ایبل ہے جو بھی یہ کر رہا ہے اسے معلوم ہے کہ یہ ڈیوائس اس وقت کہاں موجود ہے۔شیریں مزاری کا کہنا تھا کوئی شرم و حیا نہیں ہے، کوئی لحاظ نہیں ہے، چادر اور چار دیواری کا کوئی تصور نہیں ہے اور یہ گھروں میں کام کرنے والے کمزور لوگوں کو استعمال کرتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں زیادہ نہیں بتانا چاہتی کیونکہ جن لوگوں کو اس کام کے لیے استعمال کیا گیا انہیں دھمکی دی گئی تھی کہ ان کی زندگی خطرے میں ہے تو بہتر ہے کہ زیادہ تفصیلات میں نہ جایا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئینی درخواست دائر کریں گی ۔ان کا کہنا تھا کہ خفیہ ایجنسیاں اس قسم کا کام کر رہی ہیں کہ بیڈروم تک آپ کی پرائیویسی محفوظ نہیں رہ سکتی تو حکومت، ریاست کو احتیاط کرنی چاہیے کیونکہ جب سے امریکی سازش ہوئی ہے عوام ناراض ہیں۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی تک یہ ایجنسیاں باز نہیں آرہیں، ہم سب کو کیا یہ قتل کریں گے کہ ہم چپ ہوجائیں؟ تو ہمیں چپ نہیں ہونا، اگر یہ ایسی حرکتیں کریں گے تو ہم ان کو بے نقاب کرتے جائیں گے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ جو بھی ہیں چاہے نیوٹرلز ہوں، آئی بی، آئی ایس آئی جو بھی ایجنسیاں ہیں آپ قانون کے دائرے میں رہیں، قانون سے باہر جائیں گے تو اب قوم چپ نہیں کرے گی، آواز اٹھائیں گے اور آپ کے خلاف کیس کریں گے۔