مزید خبریں

پرویز الٰہی کو آسانی سے وزیراعلیٰ نہیں بننے دیں گے، راناثنا اللہ کی دھمکی

 

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ 22 جولائی کو چودھری پرویز الٰہی کو آسانی سے وزیر اعلیٰ پنجاب نہیں بننے دیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں ضمنی انتخابات پر بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ یہ 20 نشستیں پی ٹی آئی کی تھیں جس میں سے ہم نے 5 نشستیں جیتی ہیں، جب (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کا مقابلہ ہوگا تو ہم دو تہائی اکثریت سے جیتیں گے، ہمیں وقتی طور پر نقصان ہوا ہے جو اگلے الیکشن میں پورا ہوجائے گا، جن کو ابھی ٹکٹ دیا ہے عام انتخابات میں ان کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 22 جولائی کو آسانی سے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب نہیں بننے دیں گے کیوں کہ ان کے پیچھے جو شخص کھڑا ہے اس انسان کو جیت ہار سے کوئی سروکار نہیں، اس انسان میں نہ جمہوریت نہ رواداری، ایسی سیاست کے جواب میں ایسا ہی جواب دینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر لیڈرشپ کی طرف سے منظوری مل جائے تو تحریک انصاف کے 5 سے 7 ارکان اِدھر اْدھر ہوجانا کوئی بڑی بات نہیں بلکہ ہوسکتا ہے اس سے زیادہ لوگ ادھر ادھر ہونے کا بھی ارادہ رکھتے ہوں۔ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سنبھالنے اور چلانے کا درست فیصلہ کیا، عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ ملک کے مفاد میں کیا تھا، ملک کو نگراں حکومت کے حوالے کرجاتے تو سری لنکا بن سکتا تھا۔ مریم نواز کی انتخابی مہم کے باوجود شکست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں تک میاں نواز شریف کا تعلق ہے وہ ان شاء اللہ ضرور واپس آئیں گے اور اگلی انتخابی مہم کی قیادت ہر قیمت پر وہی کریں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم قومی اسمبلی تحلیل کردیں اور دو صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومت ہو، عمران خان بھی ایسا نہیں کرسکتا کہ دو صوبوں میں اسمبلیاں تحلیل کردے اور مرکز میں ہماری حکومت قائم رہے۔