کراچی (اسٹاف ر پورٹر)جماعت ِ اسلامی سندھ کے شعبہ تعلیم کے ڈائریکٹر محمد عظیم صدیقی نے کراچی پریس کلب کے باہر اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کرنے والی خواتین اساتذہ پر پولیس کے بد ترین تشدد پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ تعلیم جیسے مقدس پیشے سے وابستہ خواتین اساتذہ کی حرمت کو پامال کرنا حکمرانوں کی سفاکیت،تعلیم دشمنی اور غیر جمہوری طرز عمل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔عظیم صدیقی نے کہا کہ 2018 میں PSTاورECTمیں تعینات ہونے والے مرد و خواتین اساتذہ نے اپنے مستقل تقرری کے لیے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ اور بعد ازاں مطالبات کی منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنے کا اعلان کیا تھاجس کے باعث تمام اساتذہ کراچی پریس کلب سے وزیر اعلیٰ ہاؤس کی طرف روانہ ہوئے اسی اثناء میں لیڈی پولیس اہلکاروں نے اساتذہ بالخصوص خواتین اساتذہ کو بدترین تشدد کا بنایااور خواتین اساتذہ کو بے درردی اور بے رحمی سے موبائلوں میں اٹھا کر پھینکا گیا،حکومت کا یہ طرز عمل تعلیم دشمنی کا کھلا ثبوت ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کراچی پریس کلب پر ہونے والے واقعے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے،تشدد کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور اساتذہ کے مطالبات فی الفور پورے کیے جائیں۔