کراچی (اسٹاف ر پورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی سید شاہد ہاشمی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے اس شہر کے لوگوں کی بھرپور خدمت کی جماعت اسلامی نے جو کام کیے وہ اب تک نظر آتے ہیں جماعت اسلامی نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ۔یہ بات انہوں نے
صفورا چورنگی یوسی3،4،5 اور 6 اور گلشن اقبال ٹائون یوسی 8 کے دورے کے دوران انتخابی مہم کا جائزہ، ناظمین علاقہ ،ناظمین انتخاب،ذمے داران اور بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر قیم ضلع ڈاکٹر فواد احمد بھی موجود تھے۔سید شاہد ہاشمی نے ذمے داران سے کہا کہ ووٹرز کو گھر سے پولنگ اسٹیشن پہنچانے پولنگ اور پھر گنتی کے مراحل کے دوران ووٹ کی حفاظت کے لیے ہر ممکن تیاریاں اور انتظامات کریں۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ کراچی میں جماعت اسلامی کو3 بار خدمت کا موقع ملا جماعت اسلامی نے اس شہر کے لوگوں کی بھرپور خدمت کی۔ حب ڈیم سے کراچی کو پانی کی فراہمی کا منصوبہ کے تھری اور کے فور بھی جماعت اسلامی نے دیا۔ شاہد ہاشمی نے کارکنوں اور امیدواروں کو ہدایت کی کہ انتخابی مہم کے دوران کسی سیاسی جماعت کی قیادت کو نشانہ نہ بنائیں، کسی بھی پارٹی کی قیادت پر تنقید سے گریز کریں، صرف اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگیں۔ دیگر جماعتوں کے کارکنوں کو بھی دعوت دیں کہ وہ شہر کے وسیع تر مفاد میں بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔ جو لوگ غیر جانبدار ہوکر گھروں میں بیٹھے ہیں انہیں گھروں سے نکالیں۔ انہوں نے کارکنان سے کہا کہ وہ اللہ کی راہ میں دل کھول کر انفاق کریں اور الیکشن فنڈ میں عطیات دیں ۔