مزید خبریں

پارٹی وفاداروں کو ٹکٹ نہ دینا شکست کا باعث بنا‘ نواز شریف کا اعتراف

لندن/ اسلام آباد ( ان لائن)مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ضمنی الیکشن میں بڑھتی مہنگائی اور پرانے ٹکٹ ہولڈرز پارٹی وفاداروں کو ٹکٹ نہ دینا شکست کا باعث بنا مگر مسلم لیگ(ن)آج بھی پنجاب میں مقبول پارٹی ہے جبکہ مریم نواز کا کہنا ہے کہ انہوں نے اکیلے پنجاب کے ضمنی انتخابات کی مہم چلائی کیا یہ صرف ان کی ذمہ داری تھی ؟ پارٹی قیادت کو غلطیوں سے سیکھتے ہوئے مستقبل میں اہم فیصلے کرنا ہوںگے۔پنجاب میں(ن)لیگ کو بدترین شکست کے معاملہ پر قائد(ن)لیگ نواز شریف کی زیر صدارت لندن میں اہم اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میںاسحاق ڈار،سعود مجید،شیزاخواجہ اور مقامی قیادت نے شرکت کی جبکہ مریم نواز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شر یک ہوئیں،اجلاس کے دوران مریم نواز نے ضمنی الیکشن میں شکست کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ کیا انتخابی مہم چلانا صرف میرا اکیلی کا کام تھا؟ جو مجھ سے ہوسکا پارٹی قیادت اور آپ کی ہدایت پر بھرپور مہم چلائی جس پر نواز شریف نے مریم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا آپ نے شاندار اور بھرپور مہم چلائی آپ کو شاباش دیتا ہوں۔ نواز شریف نے کہا ہمیں پتہ ہے کہ امیدواروں کے انتخاب میں مقامی رہنما اور ٹکٹ ہولڈرز ناراض تھے ،مہنگائی اور پرانے ٹکٹ ہولڈرز کو ٹکٹ نہ دینا بڑی وجہ بنے۔ انہوں نے کہا اتحادیوں کے ساتھ مل کر اب نئی حکمت عملی بنائیں گے۔ نواز شریف نے کہا عمران نیازی کاجیتنے کے باوجود الیکشن کمیشن پر اعتراض کھسیانی بلی کھمبا نوچنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پارٹی کے وفادار اور اپنے حلقوں میں مضبوط امیدوار ہماری ترجیح ہوں گے ۔