مزید خبریں

سندھ میں بھی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے،عمران قریشی

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد کے سینئر رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب کی 20نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی بھرپور کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ عمران خان کا بیانیہ عوام کے دل کی دھڑکن بن گیا ہے اور اب ان لٹیروں اور بدعنوانوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی ملک میں ایک بڑی قومی جماعت بن کر ابھری ہے جس نے سارے تجزیے اور جائزے اُلٹ دیے ۔ پنجاب جسے مسلم لیگ(ن) اپنا گڑھ کہتی تھی وہاں سے ذلت آمیز شکست کے بعد اب موجودہ حکومت کے پاس سوائے عام انتخابات کرانے کے کوئی راستہ نہیں بچا ، قابض امپورٹڈ حکمرانوں کو فوری عام انتخابات کا اعلان کرنا چاہیے تاکہ ملک میں بے یقینی کی صورتحال کا خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اب سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ سندھ میں دوسرے مرحلے میں عوام پی ٹی آئی کے امیدواروں کو بھرپور کامیابی دلائیں ۔ انہوں نے کہاکہ 17جماعتیں الیکشن کمیشن اور انتظامی مشنری کی مخالفت کے باوجود پی ٹی آئی کے اُمیدواروں نے پنجاب میں نہ صرف میدان مارا بلکہ اس سے عوام میں ایک نیا حوصلہ بھی پیدا ہوا ہے اور اب وہ یہ سمجھتے ہیں کہ جلد ہی اس ملک سے جبر ، لوٹ کھسوٹ کی سیاست کا خاتمہ ہوگا اور جلد ہی عوام حقیقی تبدیلی کے ثمرات حاصل کر سکیں گے۔