مزید خبریں

حیدرآباد:بلال کاکا کے ورثاء کا احتجاج،قتل کی تحقیقات کرنے والے ایس ایچ او تبدیل

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد میں ہوٹل جھگڑے میں قتل ہونے والے بلال کاکا کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر مقتول کے ورثاء کاکا برادری‘ سول سوسائٹی‘ قوم پرستوں‘ وکلاء اور خواتین کی جانب سے پریس کلب کے سامنے مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ اس موقع پر بلال کاکا کے بھائی عبدالسلام کاکا‘ قوم پرست رہنما نیاز کالانی‘ زوہیب سندھی سعد اللہ پٹھان‘ ودیگر نے کہاکہ حیدرآباد کے دل قاسم آباد میں قائم ہوٹل پر کھانا کھانے کے دوران پٹھان برادی کے افراد نے بے دردی سے بلال کاکا کو قتل کردیا واقعے کو ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود بھٹائی نگر تھانے کے ایس ایچ او زیدنوناری مقتول کے ورثاء کو انصاف فراہم کرنے اور اصل ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہیں، ورثاء تھانے کے چکر کاٹ کاٹ کر تھک چکے ہیں۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ فوری ایس ایچ او بھٹائی نگر کو ہٹا کر ایماندار آفیسر سے واقعے کی تحقیقات اور ورثاء کو انصاف وتحفظ فراہم کیاجائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیاجائے ۔دوسری جانب قاسم آباد نسیم نگر سے سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی اور شرکاء پیدل مارچ کرتے ہوئے ایس ایس پی آفس پہنچے، انہوںنے بلال کاکا کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پولیس نے اصل ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے کیس خراب کردیا۔اس موقع پر ایس ایس پی حیدرآباد نے مظاہرے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او بھٹائی نگر زید نوناری کو ہٹاکر ایاز بگھیو کو ایس ایچ او بھٹائی نگر تعینات کردیا جنہوںنے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ۔