مزید خبریں

طلبا سمیت تمام طبقات کا تعاون مہذب معاشرے کی بنیاد ہے ، ڈی آئی جی حیدرآباد

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کا فقدان ،خودکشی کا مطالعہ ، پولیس کلچر /پولیس کانسٹیبلری کلچراور متاثرین/ فریادی کا اطمینان کے محرکات اور ان کے سد باب کے حوالے سے یونیورسٹی آف سندھ کے شعبہ کرمنالوجی کے ریسرچر علی رضا اصغر ،شاہ زیب احمد ، وکرم اورعرفان مہدی نے چیئرمین آف ڈپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر نبی بخش ناریجو کی زیر نگرانی حیدرآباد رینج کے مختلف علاقوں میں نہایت باریک بینی اور عرق ریزی کے ساتھ کام کرکے اپنی تحقیقی رپورٹ فردا فردا آج ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس سید پیر محمد شاہ حیدرآباد رینج کو عباس کانفرنس ہال میں پیش کی اور اس کے بارے میں تفصیلی پریزینٹیشن بھی دی ۔ ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے اس موقع پر تحقیقی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ شعبہ کرمنالوجی کے ہونہار ریسرچر کی تحقیقی رپورٹ کی فائنڈنگ خودکشیوں کے تدارک، جرائم کی روک تھام اور کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ کے لیے مفید ثابت ہوگی اور اس کے بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے کہا کہ طلبا سمیت تمام طبقات کا تعاون و رہنمائی مہذب معاشرے کی بنیاد ہے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد رینج پولیس کی جانب سے قابل و ہونہار طلبا کی حوصلہ افزائی اور ان کی تحقیقی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے انٹرن شپ کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔