مزید خبریں

عوام عمران خان کے ساتھ ہیں،صوبائی مشیر جیل خانہ جات

سکھر (نمائندہ جسارت) صوبائی مشیر جیل خانہ جات اعجاز جکھرانی نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی جیت پر عمران خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مقابلہ صرف پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں تھا مقابلہ مہنگائی کے ساتھ تھا، عوام مہنگائی برداشت نہیں کر سکتے عوام نے ری ایکشن دیا ۔اعجاز جکھرانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ووٹ کی اہمیت کو مانا ہے عوام جسے منتخب کریں اُن کا حق ہے ،اس سوال پر کہ تمام جماعتوں اور سرکاری مشینری ایک طرف اور عمران خان دوسری طرف تھے اس کا مطلب یہ ہے کہ عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ صرف15 سیٹیں حاصل کرنے سے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ پورا ملک عمران کے ساتھ ہے یوں بھی یہ 20 نشستیں پہلے جنرل الیکشن میں بھی عمران خان کی تھیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج سامنے ہیں پیپلزپارٹی نے کلین سوئپ کیا، اگر سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ نہ ہوتے تو 15 سال سے ہم حکومت نہ کرتے۔ اُن کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں کو سندھ حکومت نے بہتر انداز میں نمٹایا ہے، شدید بارشوں کا پانی کراچی سمیت دیگر شہروں سے فوری نکالا گیا ،سب نے دیکھا، کراچی میں پی ٹی آئی کے نمائندے موجود تھے لیکن کسی نے عوام کی مدد نہیں کی۔