مزید خبریں

حکومت ہار گئی اور نوازشریف کا نظریہ جیت گیا،(ن) لیگ

لاہور (نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف کا نظریہ جیت گیا ‘حکومت ہار گئی‘ ہم نے ریاست کے لیے اپنی سیاست قربان کردی لیکن اب اداروں کی غلطیوں کا ملبہ نہیں اٹھائیں گے‘ ضمنی انتخابات کی شکست قبول کرتے ہیں‘ نوازشریف کو اب سچ بول کر وطن واپس آنا ہوگا‘ کسی کی غلطیوں کا وزن اٹھاکر اگلے الیکشن میں نہیں جانا چاہتے۔ انہوں نے گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقائق عوام کے سامنے لائیں گے‘ انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم و جماعتی فیصلے جماعت میں کریں گے‘ عمران خان کہا کہ ’’بند کمروں میں ججز اور جرنیل فیصلے کرتے ہیں‘‘ تو کیا یہ فیصلے نوازشریف اور مریم نوازشریف کے خلاف نہیں آئے‘ اگر بار بار بند کمروں میں فیصلے ہوتے رہے تو ملک کے مستقبل کے لیے بہتر نہیں ہوگا‘ لوگوں نے یہ بات ہضم نہیں کی کہ عمران خان اور سابق چیئرمین نیب پر ہاتھ نہیں ڈال سکتے‘ بے شمار فیصلے نوازشریف اور مریم نواز کے خلاف آئے جو آئین و قانون سے ماورا تھے لیکن آگے چلنے کے لیے تیار ہیں‘ اگر عمران خان کے پی اور پنجاب میں اسمبلیاں ختم کریں اور الیکشن کا اعلان کریں تو ہم الیکشن کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دبائو ہوتا تو پریس کانفرنس کے لیے نہیں آتا‘ تحریک عدم اعتماد سے قومی حکومت بنائی اس کا ایک ایجنڈا مقصد تھا کہ معیشت کو سہارا دیاجائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ریاست بچانے کے لیے خود کشی کی لیکن اداروں سے غلطیاں ہوئیں اس کا مداوا کرنا ناگزیر ہے اس کا ملبہ نہیں اٹھائیں گے‘ نوازشریف کو پورا کا پورا سچ قوم کے سامنے رکھنا چاہیے،جب حقائق قوم کے سامنے رکھیں گے تو آئندہ انتخابات میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی۔