مزید خبریں

الیکشن کمیشن پر حملے کی وجہ دھاندلی نہیں فارن فنڈنگ کے فیصلے کا خوف ہے ، مریم نواز

 

 

لاہور/ اسلام آباد (نمائندہ جسارت/ آن لائن) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو اپنی ہی 20 سیٹوں میں سے5 ہار جانے پر زیادہ زعم میں آنے کی ضرورت نہیں۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پر آپ کے حملے کی وجہ دھاندلی نہیں بلکہ فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کا خوف ہے‘ آپ کو معلوم ہے کہ اس میں آپ کے خلاف ناقابلِ تردید شواہد سامنے آ چکے ہیں جن کا منظرِ عام پر لایا جانا ناگزیر ہے۔ مریم نواز نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کیس کا فیصلہ جلد سنائے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن) پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے‘ صوبے کے عوام کی مثالی خدمت کا سفر اسی جذبے اور تاریخی روایت کے مطابق جاری رکھیں گے۔ پیر کو ٹوئٹر پیغام میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تاریخ میں یہ پہلے انتخابات ہیں جن کی شفافیت پر بدترین سیاسی مخالف بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے‘ امید ہے عمران خان الیکشن کمیشن کے خلاف اپنے تضحیک آمیز رویے پر معذرت کریں گے‘عمران خان کے پاس وفاق اور پنجاب کی حکومت تھی تو دھاندلی کے ریکارڈ بنائے اور3 اپریل کو اقتدار بچانے کے لیے آئین توڑا‘ اس کے برعکس مسلم لیگ (ن) نے وفاق اور پنجاب میں اقتدار کا استعمال الیکشن کمیشن کا عملہ اغوا کرنے، آئین پر حملے اور آئین شکنی کے لیے استعمال نہیں کیا۔