مزید خبریں

مزدور کی کم از کم تنخواہ 25 ہزار کردی گئی، نوٹیفکیشن جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ محکمہ لیبر نے صوبہ سندھ کے تمام غیر ہنر مند مزدوروں کی منیمم ویجز بورڈ کی سفارشات کے بعد مزدوروں کی کم از کم اجرت 19 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے ماہانہ کردی، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، یکم جون 2022 سے نافذ العمل ہوگا۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام غیر ہنر مند مزدوروں کو کم ازکم اجرت 25 ہزار روپے ماہانہ سے کم نہ ادا کی جائے۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین سندھ مینیمم ویجز ایکٹ 2015 کے تحت کارروائی عمل میں لاء جائے گی۔ یہ حکم صوبہ سندھ کے تمام آجران پر لاگو ہوگا کہ وہ مزدور کو مہینے میں 26 یوم اور روزانہ 8 گھنٹے ڈیوٹی کام کی کم از کم اجرت کے قانون پر سختی سے عمل کریں۔ اس سلسلے میں منیمم ویجز بورڈ کے دفتر واقع پہلی منزل اولڈ کے ڈی اے بلڈنگ سندھ سیکرٹریٹ نمبر 3 سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ تمام شکایات کنندہ کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ کم از کم اجرت کے قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں اپنی شکایت منیمم ویجز بورڈ سندہ کے دفتر میں درج کرائیں۔ علاوہ ازیں گورنمنٹ، سیمی گورنمنٹ اور تمام پرائیوٹ ادارے جہاں مختلف خدمات کی انجام دہی کے لیے بذریعہ پرائیوٹ کنٹریکٹر اور ٹینڈر کے ذریعے مزدوروں کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں وہ اس بات کے پابند ہو ں گے کہ وہ کسی ایسے ٹینڈر کو خاطر میں نہ لائیں جس میں مزدوروں کی اجرت 25 ہزار روپے سے کم درج ہو۔