مزید خبریں

پاکستان میں صرف ہارجیت کا کھیل جاری ہے‘ راشد نسیم

 

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے منصورہ میںمرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میںپچھلے 70 سال سے ہار جیت کا کھیل چل رہا ہے اس میں کبھی پی ٹی آئی کبھی پی پی پی ،کبھی مسلم لیگ جیتتی ہے اور کبھی فوجی حکمران جیتتے ہیں لیکن ملک کی معیشت بہتر نہیں ہو رہی پچھلے 70 سال کا سفر زوال ،تنزلی کا سفر ہے اور ہر حکومت کے دورانیے میں ہر پاکستانی پر قرض 2 لاکھ کے قریب ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اہم صنعتیں ،پی آئی اے جو ٹاپ 5 میں شامل تھی وہ اب ٹاپ 100 میں بھی دکھائی نہیں دیتی ۔اسٹیل مل، ریلوے کا بھٹہ بیٹھ گیا ہے حتیٰ کہ کھیل جس میں ہاکی اورا سکوائش میں بھی ہمارا کوئی مقام نہیں رہا ،انہوں نے کہاکہ ان ساری پارٹیوں میں ایک چیز قدر مشترک رہی ہے وہ کرپشن،خاندان اور اپنے لوگوں کو نوازانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہار جیت کی اہمیت نہیں ہے اہمیت اس بات کی ہے کہ انسان حق کے ساتھ وابستہ ہو اس لیے ہماری تاریخ میں محرم الحرام کا مہینہ شروع ہونے والا ہے اور اس حوالے سے لوگ حضرت امام حسینؓ کو یاد کریں گے اس لیے کہ وہ حق پر تھے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور فلسطین نے نصف صدی سے زاید عرصے تک جدو جہد کی ہے چونکہ وہ حق سے وابستہ ہیں اسی لیے اللہ تعالیٰ نے افغانستان کو فتح سے ہمکنار کیا ہے اور ان شا اللہ فلسطین کو بھی فتح نصیب ہو گی۔یہی سبق ہے کہ انسان حق کے ساتھ وابستہ رہے یہ دنیا باطل ،کرپشن ،نا انصافی کے ساتھ زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔