مزید خبریں

پیپلزکمیونٹی ریاض کے تحت آصف علی زرداری کی والدہ کےلئےدعائیہ تقریب

گذشتہ دنوں پیپلزکمیونٹی ریاض کے تحت سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی والدہ اور حاکم علی زرداری مرحوم کی دوسری اہلیہ زریں آرا بخاری کے انتقال پرایک دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس کااہتمام ریاض ریجن کے انفارمیشن سیکرٹری شریف بلوچ بھٹونے کیا تھا۔ تقریب میں کمیونٹی کی ممتازشخصیات، سماجی رہنما اور صحافیوں نے شرکت کی۔ تقریب سے انصرحمید، ملک عرفان علی، پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم کے مرکزی جنرل سیکرٹری ناظم علی ، مرکزی صدر وسیم خان ، چیئرمین عابد شمعون چاند اور دیگر نے بھی مرحومہ کے بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کیئں۔
معروف سماجی شخصیت ارشد تبسم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ زریں آرا بخاری نہایت سلجھی ہوئی اور نیک خاتون تھیں۔ فلاحی اور سماجی کاموں میں ان کو خاصا مقام حاصل تھا۔ الله رب العزت مرحومہ مغفورہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر ایوب سے نوازے۔ ارشد تبسم نے مزید کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت سوگوارخاندان ، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ سبحان تعالٰی مرحومہ کو غریق رحمت فرما کر اپنے جوارے رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین۔ شریف بلوچ بھٹو نے کہا کہ زرداری خاندان اور پارٹی کارکنوں کے لیے یہ بڑا صدمہ ہے۔ ماں جیسی ہستی کے بچھڑنے کا غم اور دکھ ناقابل بیان ہوتا ہے۔ اللہ پاک غم زدہ خاندان کو یہ گہرا صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہم سوگوار خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔