مزید خبریں

بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے ،حنیف گوہر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے سابق چیئرمین اور ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر محمد حنیف گوہر نے کہا ہے کہ بجلی گیس اور پٹرول مہنگا ہونے سے بڑی تعداد میں صنعتیں بند ہورہی ہیں۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی،گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ صنعتی پہیہ چلتا رہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ طے پانے پر وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل،فنانس سیکرٹری،فنانس ڈویژن اور معاشی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔حنیف گوہر نے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت پاکستان کو جلد ایک ارب 17 کروڑموصول ہوجائیں گے جس کے بعد پاکستان کومعاشی مشکلات سے نکالنے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ انھوں نے کہا کہ عالمی مہنگائی کے باعث پاکستان کے زرمبادلہ کی ذخائر میں کمی ہوئی جس کے نتیجے میں پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں میں بہت زیادہ خسارہ ہوا۔ حنیف گوہر نے کہا کہ پاکستان کوایک ارب 17کروڑ ڈالرز ملنے کے بعد بجٹ پر عمل درآمدکرنے میں بھی آسانی ہوگی۔سابق چیئرمین آباد کا کہنا تھا کہ آئی ایم کے ساتھ معاہدے کے مطابق پاکستان کو طلب ورسد پرمبنی ایکسچینج ریٹ کاتسلسل برقرار رکھنا ہوگا اور مستند مانیٹری پالیسی اور سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی جس کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت میں مزید بہتری آئے گی۔حنیف گوہر نے مزیدکہاکہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں 125 ڈالر فی بیرل سے کم کو ہوکر94 ڈالر فی بیرل ہوچکی ہیں۔ پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی عالمی مارکیٹ میں کمی کے تناسب سے ہونی چاہیے تاکہ عام آدمی اِس کمی سے پورے طور سے مستفید ہوسکے۔ دوسری جانب حکومت کی طرف سے عائد کردہ 10% سپرٹیکس سے سیمنٹ اور سٹیل وغیرہ کی مصنوعات میں اضافہ کی وجہ سے تعمیراتی صنعت برُی طرح متاثر ہوئی ہے ۔ اُنہوں نے سپر ٹیکس کو فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ دوسری جانب بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے پیداواری لاگت میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے پاکستان کے ایکسپورٹرز کو عالمی منڈی میں اپنی مصنوعات فروخت کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔