اسلام آباد (کامرس ڈیسک) گذشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے دوران ملک میں سرمایہ کاری کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کی طرف سے 1.6ارب ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کیے گئے ہیں۔ ملک کی معاشی صورتحال کے تناظر میں غیرملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع جات میں اضافہ ایک خوش نما امر ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان( ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2022کیلئے ملک کی اقتصادی شرح نمو میں5.87فیصد اضافہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے منافع جات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ مالی سال 2021 کے اسی عرصہ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری پر حاصل 1.496 ارب ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے تھے۔ اس طرح مالی سال 2021کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال 2022کے ابتدائی 11 مہینوں کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع جات کی اپنے اپنے ممالک کو منتقلی میں 0.104 ارب ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال میں جولائی 2021 کے دوران 159.2ملین ڈالر جبکہ اگست 2021میں 237.2 ملین ڈالر اور ستمبر2021کے دوران 81.3 ملین ڈالر کے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کی گئی ہے۔اسی طرح غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی اکتوبر2021کے دوران 88.9 ملین ڈالر، نومبر2021 میں 209.4 ملین ڈالر ، دسمبر2021 میں 115.2 ملین ڈالر، جنوری2022 میں 122.3 ملین ڈالر،فروری 2022 میں 132.9 ملین ڈالر، مارچ2022 میں 121.2 ملین ڈالر، اپریل 2022 میں 196.8 ملین ڈالر جبکہ مئی 2022 کے دوران 136ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔