مزید خبریں

بلدیاتی امیدوار کیلیے میٹرک پاس‘ عمر 25 سال ہونا ضروری ہے

مظفرآباد (صباح نیوز) ترجمان آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہہر وہ شخص بلدیاتی الیکشن میں بطور امیدوار حصہ لے سکتا ہے جس کی تعلیمی قابلیت میٹرک ہو اوراس کی عمر 25 سال یا اس سے زائد ہو جبکہ ہر وہ شخص حق رائے دہی استعمال کر سکتا ہے جس کا نام ووٹر فہرست میں درج ہو اور اس کی عمر 18 سال ہو۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے 16 جولائی کو بلدیاتی انتخابات سے متعلق شائع خبر پر عوام کی جانب سے پیدا ہونے والے ابہام کو دور کرنے کیلیے وضاحت
جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار کیلیے ضروری ہے کہ امیدوار جس کونسل سے الیکشن میں حصہ لے رہاہے اس میں اس کا ووٹ درج ہو۔ ممبر ضلع کونسل کے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار کا ضلع کونسل کی کسی بھی یونین کونسل میں نام بطور ووٹر درج ہے تو وہ اس ضلع کی کسی بھی یونین کونسل سے الیکشن لڑ سکتا ہے۔ اسی طرح یونین کونسل سے اگر کوئی شخض ممبر یونین کونسل کا الیکشن لڑنا چاہتا ہے تو اس یونین کونسل کی کسی بھی وارڈ میں اسکا نام بطور ووٹر درج ہونا ضروری ہے، یہی اصول ٹاؤن کمیٹی، میونسپل کمیٹی اور میونسپل کارپوریشن پر بھی لاگو ہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ امیدوار جس وارڈ، یونین کونسل، ٹاؤن کمیٹی یا میونسپل کارپوریشن سے الیکشن میں حصہ لے رہا ہے اس کا تجویز کنندہ اور تائید کنندہ اسی وارڈ کا ووٹر ہونا ضروری ہے تاہم امیدوار ایک یونین کونسل میں ایک سے زائد وارڈز سے بھی الیکشن میں حصہ لے سکتا ہے۔