مزید خبریں

مزدور رہنما منتخب عالم کی قیادت میں ملاقات

پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر سینئر مزدوررہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا ہے کہ سرکاری،نیم سرکاری،بلدیاتی ا ور پرائیویٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے تمام اداروں کو اپنے ملازمین کو وہ سہولیات فراہم کرنا ہوں گی جو کہ اْنہیں قانون اور سی بی اے یونینز سے کئے گئے معاہدوں کے تحت حاصل ہیں اور اس مسئلہ پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔وہ پیپلز یونین آف ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ (سی بی اے)کے مرکزی صدر ایم منتخب عالم کی قیادت میں یونین کے مرکزی عہدیداران کے ایک وفد سے اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر پیپلز لیبر بیورو سندھ کے کوآرڈینیشن سیکرٹری سیّدمدّح حسین شاہ بھی موجود تھے۔ وفد میں محمد راحیل،عبدالغنی کلہوڑو،ایاز باوانی،مداح شاہ اور دیگر شامل تھے۔حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ کسی بھی ادارہ کے ملازمین اْس ادارہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اْن کے جملہ مسائل کے حل کی ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے جس کی وہ قانونی طور پر بھی پابند ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی بھی ادارہ کی انتظامیہ کو ملازمین کے حقوق غصب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ اْن کے ادارہ کے ملازمین کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سی بی اے یونین اپنے صدر ایم منتخب عالم کی قیادت میں جو جدوجہد کررہی ہے اْس کی پیپلز لیبر بیورو کی جانب سے مکمل حمایت جاری رکھی جائے گی۔قبل ازیں وفد نے سینئر مزدور رہنما کو اپنے ادارہ کے ملازمین کے التواء میں پڑے ہوئے متعدد مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور اْنہیں بتایا کہ ان کے حل نہ ہونے کی وجہ سے محنت کشوں میں شدید اضطراب اور بے چینی پائی جاتی ہے۔