مزید خبریں

مزدور بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں‘ حبیب جنیدی

پاکستان میں مزدور تحریک اپنی بقاء کی جنگ لڑرہی ہے جبکہ سرمایہ دار اور صنعتکار طبقہ اس تحریک کو تباہ و برباد کرنے کے لیے پوری قوّت سے حملہ آور ہے۔ان خیالات کا اظہار پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے برطانیہ اور ترکی سے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے پیپلز لیبر بیورو کے رہنماؤں خاقان مرزا اور شاہدالیاس کے اعزاز میں پیپلز سیکرٹریٹ کراچی میں پیپلز لیبر بیورو سندھ اور کراچی کے قائدین کی جانب سے مہمانوں کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب پذیرائی سے لیبر بیورو سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری لیاقت علی مگسی، انفارمیشن سیکرٹری سلیم سومرو، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری حسین بادشاہ، کے ایم سی پیپلز آفیسرز ایسوسی ایشن کے رہنما منہاج الحق اور انور بلوچ، مزدور رہنماؤں فہیم صابر، ارشاد خان سواتی، منظور ملاّح، منتخب عالم، احمد نواز، اعجازعباسی، سیّد خورشید مہدی، اشفاق اعوان، فتح محمد بابو، جاّں داد خان اور امین بلوچ نے بھی خطاب کیا۔حبیب الدین جنیدی نے مزید کہا کہ دوسری جانب ہمارے ہاں ایک فاشسٹ سیاسی جماعت اور اْس کی پْشت پناہ قوّتوں کی جانب سے پارلیمانی جمہوری نظام کو ختم کرکے صدارتی آمرانہ نظامِ حکومت قائم کرنے کے مذموم مقاصد اور اٹھارویں آئینی ترمیم کو منسوخ کرکے صوبوں کو اْن کے حقوق سے محروم کرنے کے لیے سازشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ پیپلز لیبر بیورو کے رہنماؤں خاقان مرزا اور شاہد الیاس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نیم جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام میں رہتے ہوئے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پیپلز لیبر بیورو کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ پیپلز لیبر بیورو برطانیہ کے جنرل سیکرٹری خاقان مرزا نے بتایا کہ برطانیہ میں مزدور طبقہ اور اْن کی ٹریڈیونینز کو سرگرمیوں کی مکمل آزادی اور قانونی تحفظ بھی حاصل ہے، وہاں ریلویز اور کان کْنی کی یونینز کئی کئی ماہ تک طویل ہڑتالیں کرکے اپنے قانونی حقوق ریاست سے منوالیتی ہیں۔ تقریب کے آغاز پر مہمانوں کو سندھ کی روایتی اجرک اور پھول پیش کئے گئے جبکہ اختتام پر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔