مزید خبریں

ٹنڈوجام ،بارش نے بلدیاتی امیدواروں کیلئے الیکشن مہم مشکل بنادی

ٹنڈوجام(نمائندہ جسارت)مون سون کے موسم نے بلدیاتی اُمیدواروں کے لیے الیکشن مہم کو مشکل بنا دیا پیپلزپارٹی نے یوسی 57 کو بھی بلا مقابلہ فتح کر لیا الیکشن ملتوی ہونے کا بھی خوف اُمیدواروں کا کافی پیسہ خرچ ہو چکا ہے، ٹنڈوجام کے بازار اور نشیبی علاقے برسات کے پانی میں ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق مون سون کی برسات کی وجہ سے بلدیاتی الیکشن میں کھڑے اُمیدوار شدید مشکلات کا شکار ہیں اور وہ صحیح طرح الیکشن مہم نہیں چلا پارہے برسات کی وجہ سے کارنر میٹنگوں کا سلسلہ بھی نہیں ہو پارہا ہے جب اُمیدوار الیکشن کے ملتوی ہونے سے بھی یا آگے تاریخ بڑھنے سے بھی خوفزدہ ہیں کیوں ابھی تک وہ اپنی مہم پر خاصے اخراجات کر چکے ہیں جبکہ وہ اُمیدوار جو کمزور ہیں وہ الیکشن کے ملتوی یا تاریخ میں اضافے کی دعائیں مانگ رہیں اور مون سون کی تیز برساتوں کے لیے بھی دعا کر رہے ہیں مون سون کی برسات کا سلسلہ جمعہ سے چل رہا ہے جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہے اور ٹنڈوجام کے بازار بھی برساتی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں لیکن بجلی کی سپلائی بحال ہوتے ہی بلدیہ کے عملے کے ساتھ الیکشن میں کھڑے امیدوار بھی سرگرم ہو جاتے ہیں جس کی وجہ برساتی پانی بر وقت نکل جاتا ہے یا پھر مہنگے ڈیزل پمپ کا استعمال کرکے پانی نکالا جارہا ہے عوام کی خواہش ہے کہ مون سون کے موسم تک الیکشن ملتوی ہو جائیں تاکہ برسات کا پانی نکلنے کا کام عوامی نمائندے اسی طرح محنت سے کرتے رہیں اسی دوران پیپلز پارٹی نے57 یوسی میں بھی میدان مار لیا ہے اور چیئرمین غلام نبی مگسی اور وائس چیئرمین بلا مقابلہ منتخب ہو گئے اس طرح چار یونین کونسل جیت کر پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ پیپلزپارٹی ٹنڈوجام کے میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین سمیت ضلع حیدرآباد کا میئر کا الیکشن بھی با آسانی جیت لے گی۔