مزید خبریں

ارباب اختیار جمہوری روایات پر عمل کریں، سردار تنویر الیاس

 

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ میں ارباب اختیار سے کہتا ہوں کہ ملک کو آگے بڑھانے کیلیے جمہوری روایات پر عمل کریں، پاکستان دنیا میں رائے رکھنے والا ملک ہے، 24 کروڑ آبادی والے ملک کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے بے توقیر نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد کے موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر، سینئر نائب صدر شیریں مزاری، سینئر رہنما پی ٹی آئی سینیٹر سیف اللہ خان نیازی و دیگر سے ملاقات کے دوارن کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے مزید کہا کہ جمہوری روایات تحریروں اور بیانات تک ہی نہیں رہنی چاہییں بلکہ ان کا عملا اظہا بھی ہونا چاہیے، یہاں مغربی جمہوریت کی بات تو کی جاتی ہے لیکن اس کے خواص پر غور نہیں کیا جاتا، مغربی جمہوریت میں نہ تو شخصیت پرستی ہے اور نہ ہی جبر کی کوئی مثال ملتی ہے، لوگوں کو برابر مواقع مہیا کرنا اصل جمہوریت ہے۔ جمہوریت میں حکومت کی بنیاد ی ذمے داری ہوتی ہے کہ وہ بلا تخصیص پارٹی تمام ووٹرز کو ان کا حق استعمال کرنے کا موقع مہیا کرے۔