کراچی (اسٹاف رپورٹر )جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری ،علامہ خلیل الرحمان چشتی ،مولانا ابراراحمد رحمانی،ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری،علامہ سید عبد القادر شیرازی،علامہ کامران رضوی اورمولانا شوکت سیالوی نے کہا ہے کہ مسلم حکمرانوں کو اسوہ عثمانی ؓ سے سبق حاصل کرنا چاہئے ، آج مسلمان حکمرانوں کی بزدلی اور کمزوری کے سبب دنیا میں امت مسلمہ ظلم و جبر کا شکار ہے۔سیدنا عثمان بن عفان نے اپنی سخا وت و فیا ضی کے ذریعے محتا جو ں ضرورت مندوں اور دین اسلام کی بے پنا ہ خدمت کی ،آج کے دور میں ضرورت اس بات کی ہے نئی نسل کو صحا بہ کرام کی صحیح تعلیما ت سے روشنا س کرایا جا ئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف مقامات پر یوم شہادت حضرت سیدنا عثمان غنی ؓکی مناسبت سے ایصال ثواب کی محافل سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت عثما ن غنی ؓ نے اپنا مال دین و ملت کے لیے وقف کیا لیکن آج حکومت ملک و قوم کو لوٹنے اور عیش وعشرت کے لیے حاصل کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کے لیے حضرت عثمان غنی ؓ نے انگنت فلا حی منصوبے پا یہ تکمیل تک پہنچائے ۔ خلیفہ سوم کی حیات طیبہ ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے مشعل راہ اور مسلم حکمرانو ں کے واسطے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔