مزید خبریں

مشرق وسطیٰ میں چین ، روس ، ایران کیلیے خلاء نہیں چھوڑیں گے ، امریکا

جدہ (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں دوسری عالمی طاقتوں کو اثر و رسوخ بڑھانے کا موقع نہیں دے گا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر جوبائیڈن نے جدہ میں عرب ممالک کے سربراہان کی’’جدہ کانفرنس برائے امن و ترقی‘‘ سے خطاب میں کہا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں پیچھے نہیں ہٹے گا‘ چین، روس یا ایران کے لیے مشرق وسطیٰ میں خلا نہیں چھوڑیں گے‘ صرف ان ممالک کا مستقبل روشن ہے جو اپنی آبادی کی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہیں اور جہاں شہری کسی خوف کے بغیر اپنے سربراہان مملکت سے سوال اور ان کی پالیسیوں پر تنقید کر سکتے ہیں‘ ہم ہر چیز پر متفق نہ بھی ہوں پھر بھی ساتھ کام کرسکتے ہیں‘ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کے لیے پُرعزم ہیں‘ یہاں موجود تمام ممالک کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی سرگرمیاں جاری رکھیں گے‘ امریکا نے خلیجی ممالک کے ساتھ شراکت داری سے خطے کے مثبت مستقبل کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی ہے۔ اجلاس سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اور امریکا کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط کرنے سے مشترکہ مفادات کے حصول میں مدد ملے گی اور خطے میں سلامتی و ترقی کو بڑھانے کے لیے مشترکہ تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ اجلاس سے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد اور اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم نے بھی خطاب کیا اور خطے میں استحکام اور پائیدار امن و امان کے لیے فلسطین سمیت تمام مسائل کے حل پر زور دیا۔ اجلاس سے قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زائد سے بھی ملاقات کی تھی اور مشرق وسطیٰ میں تحفظ، استحکام اور امن و امان سے متعلق معاملات پر گفتگو کی۔