مزید خبریں

مشال ملک سے امریکی وفد کی ملاقات

 

اسلام آباد (صباح نیوز) تنظیم برائے امن و ثقافت کی چیئر پرسن مشعال حسین ملک سے امریکی وفد کی ملاقات، وفد میں شامل مائیکل کرو، لوکاس بونٹراگر، ڈاکٹر جوز نائٹ، انور قاسمی، الیاس مسیح اور داد الیاس نے مشعال ملک کو یاسین ملک کی بحفاظت رہائی اور تنازع کشمیر کے حل کیلیے ہر ممکن کوشش کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات کے دوران مشعال ملک نے وفد کو بتایا کہ یاسین ملک کو بھارتی غیر قانونی تسلط کے خلاف آواز اٹھانے کے واحد جرم کی وجہ سے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے، یاسین ملک بھارت کی غلامی کے طوق کو توڑنے کیلیے کشمیر کی پرامن جدوجہد کی سب سے طاقتور آواز ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ سفاک حکام انہیں تشدد کا نشانہ بنا سکتے ہیں کیونکہ کئی حریت رہنما اور نوجوان کشمیری پہلے ہی نظر بندی میں مارے جا چکے ہیں۔ انہوں نے وفد کے ارکان پر زور دیا کہ وہ یاسین ملک کی غیر قانونی حراست اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا معاملہ عالمی فورمز پر اٹھائے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں اور اقوام متحدہ کے اداروں پر زور دیا کہ وہ فاشسٹ نریندر مودی کی زیر قیادت ہندوتوا حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ دیرینہ تنازع کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کریں۔