مزید خبریں

افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

کراچی( اسٹاف رپورٹر) آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ایف آئی اے کو سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے اور افواہیں پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی سفارشات ارسال کردیں، لڑکیوں کے گھر سے چلے جانے کے معاملے کو لسانی فسادات سے نہ جوڑا جائے۔تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ایف آئی اے کو خصوصی خط لکھا ، خط میں سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے، اخلاق باختہ پوسٹ یا افواہیں پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرنے کی سفارشات ارسال کردیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس اور ایف آئی اے باہم اشتراک سے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کا آغاز کرنے جارہے ہیں، جو سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے یا عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے مرتکب ٹھہرائے جائیں گے۔غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کرنے اور لسانیت عصبیت کو فروغ دینے یا دیگر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث اکاؤنٹس/ سوشل میڈیا صارفین کی باقاعدہ مانیٹرنگ شروع کردی ہے۔خط میں کہا گیا کہ امن وامان کے حوالے سے یا علاقوں میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔