مزید خبریں

ناقص انتظامات پر ڈی جی حج کو نوٹس، وضاحت طلب

 

اسلام آباد (آن لائن) حج کے موقع پر ناقص انتظامات پر ڈائریکٹر جنرل حج ابرار مرزا سے 7 روز میں وضاحت طلب کرلی گئی۔ سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے سعودی عرب میں تعینات ڈی جی حج کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ حج مشن پاکستانی حجاج کو مقدس فریضے کی ادائیگی میں آسانی فراہم کرنے کا ذمہ دار ہے‘ یہ مشن مکہ اور مدینہ منورہ میں حجاج کے لیے رہائش، ٹرانسپورٹ اور کھانے کا انتظام کرتا ہے‘ اس مشن کے لیے وفاقی حکومت نے بہت بڑا بجٹ مختص کیا تھا‘ پچھلے 2 سال سے مشن کے پاس زیادہ کام نہیں تھا کیونکہ 2020ء میں حج نہیں ہوا تھا‘حج مشن سے توقع تھی کہ پاکستانیوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے بھرپور کام کرے گا لیکن توقع کے برعکس حج انتظامات کافی ناقص تھے۔ سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ میں نے سیکڑوں درخواستیں وصول کیں جن میں کھانے کے کم معیار کے بارے میں شکایات تھیں‘ منیٰ اور عرفات میں انتظامات انتہائی خراب تھے ‘ ٹرانسپورٹ بھی بروقت فراہم نہیں کی گئی‘ مجھے50 دیگر افراد بشمول خواتین نے شکایات کی ہیں کہ انہیں عرفات سے 2 گھنٹے تک پیدل چلنا پڑا۔ سیکرٹری مذہبی امور نے کہا کہ آپ اور آپ کے ڈائریکٹرز کو فیلڈ اور ورکنگ ڈے میں ہونا چاہیے تھا‘ میں نے ذاتی طور پر ڈائریکٹر مکہ اور مدینہ کو احرام میں حج کرتے دیکھا‘حج سے پہلے اور عرفات کے دن میری طرف سے واضح ہدایات کے باوجود آپ نے جان بوجھ کر تمام احکامات کی نافرمانی کی۔ نوٹس میں کہا گیا کہ آپ اگلے 7 دنوں کے اندر اپنے موقف کی وضاحت کریں‘ اگر ایسا نہ کیا گیا تو آپ اور آپ کے ڈائریکٹرز کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی جائے گی۔