اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ ہی وزارت ریلوے اور ہوا بازی نے بھی ٹرین اور جہاز کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے اپنے ایک وڈیو بیان میں اعلان کیا کہ پاکستان ریلوے کے اکانومی کلاس کے کرایوں میں 10 فیصد کمی کی جا رہی ہے۔ اسی طرح پاکستان انٹرنیشنل ائرلائن (پی آئی اے) کی اندرون ملک پروازوں کی دونوں کلاسز کے کرایوں میں بھی 10 فیصد رعایت دی جا رہی ہے۔کرایوں میں کمی کا اطلاق فوری طور پر اتوار 17 جولائی سے اگلے30 روز کے لیے ہو گاجس کا باضابطہ نوٹیفکیشن آج (اتوار کو) جاری کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) سے بھی کہا ہے کہ وہ نجی ائرلائنز سے کرایوں میں کمی کے لیے بات کرے‘ نیز تمام صوبائی حکومتیں ٹرانسپورٹرز کو بھی کرایے کم کرنے کے لیے کہیں۔ واضح رہے کہ ریل کے ذریعے 94 فیصد اور پی آئی اے کے جہازوں میں 90 فیصد سے زاید مسافر اکانومی کلاس میں سفر کرتے ہیں۔