مزید خبریں

ریسٹورنٹ میں بد تمیزی کرنے والی فیملی نے احسن اقبال سے معذرت کرلی

 

لاہور (آن لائن) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے ریسٹورنٹ میں بد تمیزی کرنے والی فیملی نے نارووال میں ان کی رہائشگاہ پر جا کر معذرت کر لی ۔ احسن اقبال نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام بھی جاری کیا جس میں انہوں نے اس سے متعلق تفصیلات بتائیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ بھیرہ واقعہ میں ملوث فیملی نے نارووال آکر ملاقات میں اپنے عمل پر معذرت کی ہے،فیملی کے افراد نے پچھتاوے اور شرمندگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے ہی ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی نہ کرنے کا اعلان کرچکا تھا۔احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں ،ایک دوسرے سے اختلاف کے حق کو نفرت میں تبدیل نہیں کرنا ہے، باہمی احترام قائم رکھنا ہے۔احسن اقبال سے بدتمیزی کرنے والے خاندان کے فرد اسامہ شیر نے کہا ہے کہ ہمیں احساس ہوا کہ ہم سے غلطی ہوئی ہے۔ پبلک ایریا میں کسی کو بھی اس طرح کہنا نہیں چاہیے، ہم سے غلطی ہوئی۔احسن اقبال معروف شخصیت ہیں اور ہمارے بزرگ بھی ہیں، ہمیں احساس ہوا کہ اپنی رائے اپنے پاس رکھنی چاہئیں اور یہ سب سوچتے ہوئے ہم نے احسن اقبال سے معافی مانگنے کا فیصلہ کیا۔اسامہ شیر نے کہا کہ ہمیں کسی نے دبا ئومیں نہیں لیا، ہم اپنی مرضی سے احسن اقبال کے گھر گئے اور معذرت کی۔انہوں نے کہا کہ احسن اقبال نے نہیں کہا کہ پی ٹی آئی جوائن نہ کریں یا ن لیگ جوائن کریں، ہم پر کسی قسم کا کوئی دبا ئونہیں آیا، پتہ نہیں ایسی باتیں کہاں سے آجاتی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ معافی مانگنے کا سو فیصد فیصلہ ہمارا تھا، ہماری فیملی کو بھی احساس ہوا کہ جو ہم نے کیا وہ غلط تھا۔