مزید خبریں

آزاد رائے رکھنے والے صحافیوں کو دہشت زدہ کیا جارہا ہے ، صدر علوی

 

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت/اے پی پی) صدر مملکت عارف علوی نے صحافیوں کو خلاف ہراساں کرنے اور تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے،صدر مملکت نے صحافیوں کے خلاف تشدد کے واقعات کا نوٹس لے لیا۔تفصیلات کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے صحافیوں کے خلاف تشدد کے واقعات پر وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا،عارف علوی نے خط میں لکھا کہ اس طرح کے واقعات عدم برداشت کی ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ایسا لگتا ہے کہ آزاد رائے رکھنے والے میڈیا پرسنز کو دہشت کا نشانہ بنایا جارہا ہے،ایسے واقعات سے جمہوریت کے مستقبل کے ساتھ ساتھ اظہار رائے کی آزادی دونوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں خوف پیدا کرنے کے علاوہ ایسے واقعات بین الاقوامی توجہ میں آتے ہیں اور ملک کا تاثر داغدار کرتے ہیں۔انہوں نے فریڈم آف پریس انڈیکس 2022 میں پاکستان کی 157 ویں پوزیشن پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ مختلف بین الاقوامی تنظیموں نے اپنی رپورٹوں میں صحافیوں کو ہراساں کرنے،دھمکیاں دینے اور جسمانی تشدد کو پاکستان کی مایوس کن پوزیشن کی بنیادی وجوہات قرار دیا ہے۔صدر مملکت نے خط میں صحافیوں کے تحفظ کی کمیٹی اور ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹوں کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 1992 سے 2022 تک 96 صحافیوں کو قتل کیا گیا،الزام لگایا گیا کہ ریاست کے طاقتور عناصر کے خلاف اختلاف رائے اور تنقید دبانے کیلیے صحافیوں کو بغاوت اور دہشت گردی کے الزامات کا نشانہ بنایا گیا۔معروف صحافیوں کے خلاف کیے جانے والے حالیہ اقدامات نے عدلیہ کی کوششوں کو نقصان پہنچایا۔ خط میں لکھا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 46 کے تحت وزیر اعظم اس سلسلے میں کیے گئے اقدامات سے صدر کو آگاہ رکھیںعلاوہ ازیں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گرین پریذیڈنسی منصوبے کے تحت بجلی، پانی اور گیس کی بچت کے اقدامات پر اظہار ِ اطمینان کیا ہے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ صدرمملکت عارف علوی کی زیرصدارت ایوانِ صدر میں بجلی کی بچت کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ایوانِ صدر نے توانائی کی مد میں گزشتہ دو برس میں 10 کروڑ 80لاکھ روپے کی بچت کی۔صدرمملکت عارف علوی نے کہاکہ ایوانِ صدر کا گرین منصوبہ پورے ملک کیلیے ایک بہترین مثال ہے ، ایوانِ صدر مکمل طور پر 1 میگا واٹ کے شمسی توانائی کے منصوبے پر چل رہا ہے ، ایوانِ صدر نے اپنی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ 1 لاکھ 12 ہزار یونٹس قومی گرڈ میں دیے ۔صدر مملکت نے کہاکہ ایوانِ صدر میں غیر استعمال شدہ الیکٹرانکس بند رکھنے ، اے سی 26 ڈگری پر چلانے اور پانی کی بچت کے حوالے سے مزید بہتری لائی جائیگی۔