مزید خبریں

پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتے ہیں ، ایس ایم منیر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرایس ایم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین دوستی کے رشتے بے حدمضبوط ہیں اور دونوں ممالک کے بزنس مین دوطرفہ تجارت کو بڑھانے میں جدوجہد میں مصروف ہیں تاہم پاکستان اور کینیڈا کے درمیان باہمی تجارت بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور دوطرفہ تجارت میں کئی ارب ڈالرز کا اضافہ ممکن ہے۔یوبی جی کے مرکزی ترجمان گلزارفیروز کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایس ایم منیر نے ان خیالات کا اظہارایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر اور سابق ریجنل چیئرمین حاجی عرفان یوسف کی جانب سے کینیڈا میں اپنے اوراپنی اہلیہ کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں بزنس مینوں سے گفتگو کے دوران کیا۔عشائیہ میں ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل جنرل عبدالحمید،نوید بخاری، عامرشمسی، خالد رضوان خان،عامرعطا باجوہ،میاں محمداحمد اور دیگر مہمان بھی شریک تھے۔ایس ایم منیر نے کہا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں بالخصوص کینیڈا میں پاکستانی نڑاد بزنس مین پاکستان اورکینیڈا کے مابین باہمی تجارت کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کررہے ہیںتاہم پاکستانی مصنوعات کو کینیڈین مارکیٹوں میں مزید پھیلانا ہوگا تاکہ پاکستان کی معیشت کواستحکام مل سکے اور یہ کام بزنس مین اور کینیڈا میں پاکستانی سفارتکار مشترکہ جدوجہد کے ذریعہ بخوبی کرسکتے ہیں۔ ایس ایم منیر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان اورکینیڈا کے مابین تعلقات خوشگوار ہیں،دونوں ممالک کے مابین تجارت میں اضافہ کو اولین ترجیح دے کر حکومت کے وژن کے مطابق برآمدات بڑھائی جائیں تو دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ حاصل ہوسکتا ہے۔ حاجی عرفان یوسف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورکینیڈا کا نجی شعبہ باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے اورکووڈ 19کی پابندیوں کے خاتمے کے بعد تجارت میں مزید اضافہ ہونے کے قوی امکانات ہیں، کینیڈین سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیںکیونکہ کینیڈین سرمایہ کارپاکستان میں مینوفیکچرنگ کے ذریعے وسط ایشیاء اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تجارت بڑھا سکتے ہیں۔