مزید خبریں

ملک مٰں فرسودہ نظام ہی تمام مسائل کی جڑ ہے،جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست کی ہے۔ ملک میں کرپٹ اور فرسودہ نظام ہی تمام مسائل کی بنیادی جڑ ہے۔ چوروں، لٹیروں اور کرپٹ افرا د سے نجات حاصل کیے بغیر محب وطن قیادت میسر نہیں آسکتی۔ ہم سمجھتے ہیں کہ چوروں لٹیروں اورکرپٹ افراد کی جگہ اسمبلیوں میں نہیں بلکہ جیلیں ہیں۔ 17جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں عوام ہمارے نمائندوں کو کامیاب کروائیں تاکہ ملک و قوم کے حقیقی نمائندوں کو آگے لایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف نے مل کر ملک و قوم کو اس نہج تک پہنچادیا ہے کہ آج مسائل کے انبار لگ گئے ہیں۔ مہنگائی، بیروزگاری، لاقانونیت اور کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے۔ ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ جو جتنا بڑا چور ڈاکو ہے وہ اتنے ہی بڑے عہدے پر فائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی اس ملک میں حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے، کیونکہ ہمارے پاس پڑھے لکھے اور بے داغ لوگ موجود ہیں۔ ہمارے لوگ مختلف ادوار میں قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ کے ساتھ ساتھ سٹی میئر بھی منتخب ہو کر آئے اور ملک وقوم کی خلوص دل سے خدمت کی ہے۔ عوام نے عتماد کا اظہار کیا توہم آئندہ بھی منتخب ہو کر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد موجود حکمرانوں کی ناقص کارکردگی اور مہنگائی میں روز افزوں اضافہ سے تنگ ہیں۔