مزید خبریں

جیکب آباد ،بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کیخلاف جے یو آئی کا احتجاج

جیکب آباد(نمائندہ جسارت) بلدیاتی انتخابات میں دہشت گردی کے مقدمات، زیادتیاں اور دھاندلی کے خلاف زبردست مظاہرہ، آراوز ،اے سی اور پریس کلب کے سامنے دھرنا، جے یو آئی رہنماؤں پرمقدمات ختم کرنے کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علما اسلام کے امیدواروں قاری دلبر کنرانی سمیت 25 کارکنوں پر ٹھل تھانے پر دہشتگردی کا مقدمہ کرنے،ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری اور دیگر پر حملوں، تشدد اور ریکارڈ دھاندلی کے خلاف ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ جامعہ بنات سے جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری،سید محمد شاہ، مولانا عبدالجبار رند،مفتی عبدالشکور کھوسو ،سردار ذوالفقار برڑو ،مولانا عبدالمالک گھنیو ،میر حسن برڑو ،قاری عنایت اللہ مہر، مولانا عبد الماجد پہوڑ، بابو خان محمد پہوڑ، امیدوار غلام رسول بنگلانی، بابل خان مریاور بخشن خان ودیگر کی قیادت میں نکالا گیا،بڑی تعداد میں کارکنوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کیا اور دھاندلی کے خلاف نعرے لگائے، بعدمیں اسسٹنٹ کمشنر، آر اوز آفس اور پریس کلب کے سامنے دھرنا دیکر روڈ بلاک کردیا جس کی وجہ سے 2 گھنٹے تک ٹریفک معطل ہوگیا۔اس موقع پر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ ضلع میں بلدیاتی انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی کراکر پی پی نے جمہوری اور اخلاقی روایتوں کو توڑا ہے،یوسی رندواہی میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں اور ان کے غنڈوں نے جے یو آئی کے ضلع کونسلر کے امید وار خیر بخش جتوئی اور وائس چیئرمین کے امیدوار کرم اللہ خارانی کے گھروں پر ڈنڈوں سے حملہ کرکے زخمی کیا، جے یو آئی کی ہمیشہ جیتنے والی یوسیز کریم آباد، شیر واہ، بختارپور، لوگی ،جھانپور ،شیران پور، جیکب آباد، ٹھل اور گڑھی خیرو کے وارڈوں پر سرکاری مشینری کے ذریعے پیپلزپارٹی کے امیدواروںنے جے یو آئی کے ایجنٹوں کو یرغمال بنا کر ٹھپے لگائے،ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری ،ڈاکٹر خلیل احمد کھوسو ،خیر بخش جتوئی، کرم اللہ خارانی، مولانا عبدالقادر کھوسو اور دیگر پر حملوں کا کیس داخل کیا جائے اور جے یو آئی کے نامزد امیدوار قاری دلبر کنرانی پر داخل مقدمہ واپس لیا جائے ورنہ پورے ضلع میں شٹرڈائون ہڑتال کر کے ٹریفک جام کر دیا جائے گا اور آفیسرز سمیت زیادتی کرنے والوں کے گھروں کا گھیرائوکیا جائے گا۔