مزید خبریں

بجلی کی مسلسل بندش سے کاروٹ ٹھپ ہوگیا ہے ،جاوید میمن

سکھر( نمائندہ جسارت) سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے محکمہ سیپکو کی جانب سے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی کئی کئی گھنٹے مسلسل بندش سے صنعت و تجارت اور کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے، ایک جانب عوام غربت، مہنگائی، بیروز گاری کے باعث پریشان ہیں تو دوسری جانب حکومت اور محکمہ سیپکو نے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کرکے کاروبار کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، تجارتی سرگرمیاں ٹھپ ہونے سے تاجر برادری کو شدید پریشانیوں اور دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کے ملکی معیشت پر انتہائی بھیانک اثرات مرتب ہو رہے ہیں حکومت فوری طور پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیکر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ صنعت و تجارت اور کاروبار کو فروغ ملک سکے جس سے بیروزگاری کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی اور تاجروں شہریوں کی پریشانیوں کا بھی خاتمہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر سیکرٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں مختلف تجارتی مراکز سے آنیوالے تاجروں کے نمائندہ وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی غلام شبیر بھٹو، حاجی عبدالستار راجپوت و دیگربھی موجود تھے۔ حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ ایک جانب حکومت آئے روز بجلی کے نرخوں میں اضافہ کر رہی ہے تو دوسری جانب محکمہ سیپکوطویل لوڈشیڈنگ کر کے تاجروں اور شہریوں کو بجلی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، تاجر برادری بھاری رقوم کے بجلی کے بل بھی ادا کرتے ہیں اس کے باوجود بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کر کے صنعت و تجارت اور کاروبار کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ حکومت اور محکمہ سپیکو کے اعلیٰ افسران بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیکر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں بصورت دیگر تاجر برادری بلوں کی ادائیگی روک کر اس کے خلاف بھرپور احتجاج کریگی جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور محکمہ سیپکو پر عائد ہوگی۔