مزید خبریں

عوام ضمنی انتخابات میں ترازو پر مہر لگائیں،چودھری علی گورایہ

فیصل آباد(جسارت نیوز)ضمنی انتخابات پی پی97 میںجماعت اسلامی کے امیدواراورکسان بورڈ کے ضلعی صدر چودھری علی احمدگورایہ نے جنڈانوالہ،سوہناٹوبہ، کچا جھمرہ،چندیاں تلاواں، چک نمبر1ج۔ب رام دیوالی، لکڑوالا 188 ر۔ ب ، 190ر۔ب کراڑی،چک نمبر189ر۔ب رسولپور میں کارنرمیٹنگزاور انتخابی جلسوںسے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام ملک کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کے لیے ضمنی انتخابات میں ترازو پر مہر لگائیں۔ پی پی 97میں میں اب جماعت اسلامی ہی بہترین آپشن ہے پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی کی حکومت مہنگائی بانٹنے میں مصروف، عام آدمی سے سوکھے نوالے بھی چھین لیے۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان پر، مہنگائی کی وجہ سے غریب عوام زمین پر گر پڑے۔ قوم کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے، وقت آگیا ہے کہ ملک کی حکمران اشرافیہ اب خود قربانی دے اور اپنی مراعات کم کرے۔ ملک سے نوٹوں، لوٹوں اور بوٹوں کی سیاست ختم ہونی چاہیے۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں جس مہنگائی کا آغاز ہوا، اتحادی حکومت نے اسے عروج پر پہنچا دیا۔ ملک کی تینوں بڑی سیاسی جماعتیں سودی نظام کی محافظ ہیں۔ پاکستان کا معاشی نظام اب اللہ اور اس کے رسولؐ کے ساتھ مزید جنگ کر کے آگے نہیں بڑھ سکتا۔ سودی نظام انسانیت کا قاتل اور خودکش نظام ہے۔ اللہ تعالیٰ سے گزشتہ گناہوں کی توبہ کر کے سودی معیشت کے بجائے اسلامی معاشی نظام کی طرف آنا ہو گا۔ جماعت اسلامی حقیقی معنوں میں پروگریسو، جمہوری، ترقی پسند اور اسلامی جماعت ہے۔ اس موقع پر زونل امیر یٰسین کاہلوں،علی رضا،جے آئی یوتھ کے صدر تنویرانجم پنسوتہ،جاویدانجم پنسوتہ اوردیگررہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے کہاکہ سود اور کرپشن ام المسائل ہیں جب تک ان سے نجات حاصل نہیں کی جائے گی ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکے گا۔ جماعت اسلامی اس وقت ملک میں حقیقی اپوزیشن کا کردر ادا کر رہی ہے اور مظلوم عوام کی اصل نمائندہ جماعت ہے۔ ہم ایوانوں سے لے کر چوکوں چوراہوں میں عوام کے حقوق کی جنگ لڑیں گے اور آنے والے دنوں میں حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد میں مزید تیزی لائیں گے۔ جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت غیر ترقیاتی اخراجات ختم کرے، کرپشن کے خاتمے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ حکومت عام آدمی پر بوجھ ڈالنے کی بجائے ان جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی پراپرٹیز بیچ کر ملکی قرضے اتارے ۔ انھوں نے کہا کہ عوام رونے دھونے کے بجائے ضمنی اور عام انتخابات میں ترازو پر مہر لگا کر استعمار کے ایجنٹوں کو مسترد کرے اور اہل، صالح اور ایماندار قیادت کو آگے لائے۔