مزید خبریں

ملک بچانا ہے تو سودی نظام اور کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا،سراج الحق

لاہور( نمائندہ جسارت ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپٹ سودی نظام کے محافظ نااہل حکمرانوں کے لیے عوام قربانی کا بکرا بن چکے، گزشتہ 7 عشروں سے عام آدمی کی زندگی مشکل سے مشکل تر جبکہ اشرفیہ مزے میں ہیں ،پارٹیاں بدلی ، جھنڈے بدلے نعرے بدلے لیکن ملک کی قسمت اور عوام کی تقدیر نہیں بدلی ‘ملک میں بے برکتی اور بے سکونی ہے سودی نظام کی وجہ سے اللہ ہم سے ناراض ہے حکومتیں بنانے اور چلانے والے اب خود بھی پریشان ہیں تینوں بڑی سیاسی جماعتیں بری طرح ناکامی سے دوچار ہیں ملک کو بچانے کے لیے سودی نظام اور کرپشن سے چھٹکارا ناگزیر ہے ۔جماعت اسلامی فرد کی طرف نہیں لوگوں کو اللہ کے نظام کی طرف بلاتی ہے ہم ملک وعوام کو ان مشکل حالات سے نکال سکتے ہیں اسلامی معاشی نظام آئے گا تو پاکستان خود کفالت کی طرف اپنے سفر کا آغاز کرئے گا سودی نظام کے خاتمے کی جدوجہد جاری رکھیں گے عوام ووٹ ، نوٹ اور سپورٹ سے ملک کو اسلامی اور خوشحال بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پی پی 170 سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار وقاص بٹ کی انتخابی مہم کے دوران استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ فرسودہ نظام نے عوام کی زندگی کو اجیرن بنا دیا۔74 سالوں سے جاری کشکول مشن کو چھوڑ کر خود کفالت کا رستہ اپنانا ہو گا۔ حکمرانوں نے عام آدمی سے جینے کا حق چھین لیا ، مہنگائی کی خوف ناک لہر نے لوگوں کونفسیاتی مریض بنا دیا۔ملک کامعاشی سقوط ہوچکا سابقہ اور موجودہ حکومت کے تمام دعوے اور اعلانات ہوا میں تحلیل ہوچکے ہیں ۔ اس وقت تمام سیاسی جماعتیں حکومت میں شامل ہیں، لیکن پھر بھی ڈلیور کرنے میں ناکام ہو گئی ہیں۔ ن لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی برسہابرس سے صوبوں میں اور کبھی مرکز میں اور کبھی صوبوں اور مرکز دونوں جگہ پر حکومتوں میں رہیں۔ آج بھی پی ڈی ایم کی صورت میں ایک درجن سے زائد جماعتوں کا اتحاد اور پیپلزپارٹی صوبوں اور مرکز جب کہ پی ٹی آئی کے پی، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حکمرانی کے مزے لے رہی ہے، اس کے ساتھ ساتھ چوکوں چوراہوں میں احتجاج بھی کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قوم یہ جاننا چاہتی ہے کہ یہ جماعتیں آخر کس کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے قوم کو مختلف نعروں پر دھوکا دیا جا رہا ہے۔ قوم ان حکمرانوں کے چہروں کو اچھی طرح پہچان چکی ہے۔ یہ حکمران جماعتیں اب بری طرح ایکسپوز ہو چکی ہیں، انتخابات میں عوام ان جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کا احتساب کریں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمران اللہ کو ناراض کر کے گزشتہ کئی دہائیوں سے آئی ایم ایف کی خوشنودی کے لیے کام کر رہے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے نوجوان ملک و ملت کا سرمایہ ہیں وقت آگیا ہے کہ اب نوجوان جھوٹ کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے حق اور سچ کا ساتھ دیں سودی نظام اور کرپشن بے برکتی کی اہم وجوہات ہیں جس کی وجہ سے معاشرہ اخلاقی زوال کا شکار ہو رہا ہے معاشرے میں سماجی اور اقتصادی مساوات صرف اسلامی نظام سے ہی آ سکتی ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد ملک میں پرامن، جمہوری اسلامی انقلاب برپا کرنا، قوم اب ہمارا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی کو موقع ملا تو ہم سکوک اور اجارہ کا نظام متعارف کرائیں گے اور معیشت کی زکوٰۃ، صدقات اور عشر کے ذریعے تعمیر ہو گی۔اب جماعت اسلامی بہترین آپشن ہے جو ملک کو حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔بعدازں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کوئٹہ جانے والی مسافر بس کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے 19افراد کی مغفرت اور متعدد زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ حادثے میں متاثرین کے لواحقین کے ساتھ خصوصی مالی تعاون کا اعلان کرے۔