مزید خبریں

پیٹرولیم نرخوں میں اضافے کے معاملے پر ہم بے بس ہیں،وزیر داخلہ

فیصل آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم نرخوں میں اضافے کے معاملے پر ہم بے بس ہیں‘ عمران خان کی فرنٹ پرسن فرح خان کے نام پر ہرجگہ جائداد نکل رہی ہے‘ اب تو 50 کے قریب فرح گوگی اور گوگے سامنے آنے والے ہیں‘ ہر جگہ سے فرح خان کے نام پر جائداد نکل رہی ہے‘ ہم نے شہزاد اکبر کی طرح کاغذ دکھانے کا کام نہیں کیا نہ کریں گے‘ مہنگائی میں عام آدمی کو مشکلات کا سامنا ہے‘ پچھلے ساڑھے 3 سال میں مہنگائی میں اضافہ ہوا‘ قیمتوں میں اضافے کی اصل وجہ تیل کی قیمت میں اضافہ ہے اور بیڈ گورننس بھی مہنگائی میں اضافے کی وجہ ہے۔ اتوار کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے عمران حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے گزشتہ ساڑھے3 سال میں صرف انتقام لیا وہی اب لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں‘ چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے پر شوکت ترین کے دستخط نہ ہوں تو ہم قصور وار ہیں، معاہدے کے تحت سبسڈی ختم اور 30 روپے لیوی لاگو کرنا ہے‘ اب یہ لوگ روز سیاسی مخالفین کو گالیاں نکال رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ہے کہ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے‘ عمران خان نے قومی خزانے کے50 ارب روپے ڈبو دیے‘ ملک میں لوڈشیڈنگ بروقت گیس کے سودے نہ ہونے کی وجہ سے ہے‘ 3 سے4 ڈالرمیں ملنے والی گیس 14 ڈالر میں لی گئی۔ عمران خان نے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی، عمران خان کے سبسڈی بڑھانے پر عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے ریڈ مارک کردیا تھا، مجبوری میں ملک کو بڑی تباہی سے بچانے کے لیے مشکلات سے گزرنے کا فیصلہ کیا‘ سبسڈی صفر کرنے کے لیے پیٹرول مہنگا کرنا پڑا‘ آئی ایم ایف سے معاہدہ بحال نہ ہوتا تو دوست ملک بھی دھیلہ نہ دیتے۔ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ انتخابات کی طرف جاتے تو ملک کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ تھا‘آرمی چیف کی تعیناتی مقررہ وقت پر اور طریقہ کار کے مطابق ہوگی۔