مزید خبریں

سندھ میں بھی مارکیٹس ،شادی ہال اور ہوٹلز جلد بند کرنے کی پابندی 10 جولائی تک ختم

کراچی/ اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ صباح نیوز) حکومت سندھ نے عیدالاضحی کے پیش نظر صوبے میں 9 بجے کاروباری مراکز بندکرنے کا حکم 11 جولائی تک معطل کردیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کاروباری اوقات کار پر پابندیوں کا حکم نامہ وقتی طور پر معطل کردیا گیا ہے اور یہ فیصلہ عید الاضحی کی مناسبت سے کیا گیا ہے‘ پابندیوں کا نوٹیفکیشن11جولائی کو ایک بار پھر نافذ العمل ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق دکانوں کی بندش کے احکامات معطل کرنے کا فیصلہ عوام کے مفاد میں کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت نے توانائی بحران پرقابو پانے کے لیے 9 بجے کاروباری مراکز بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ علاوہ ازیں عیدالاضحی کے پیش نظر دکانداروں اور شہریوں کی سہولت کے لیے اسلام آباد میں دکانیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی عارضی طور پر اٹھالی گئی ہے‘ اسلام
آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دکانوں کی بندش سے متعلق احکامات 10جولائی تک معطل کر دیے ہیں جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، وفاقی دارالحکومت کے تاجراب جب چاہیں دکانیں کھول اور بند کر سکتے ہیں‘ شہریوں کو بھی اپنے پسندیدہ اوقات میں شاپنگ کا موقع مل گیا۔ اتوار کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 11 جولائی سے احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔