مزید خبریں

راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی بس کھائی میں جاگری ،20 افراد جاں بحق ،13زخمی

کوئٹہ/اسلام آباد(نمائندگان جسارت ) راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی مسافر بس خیبر پشتونخوا اور بلوچستان کے سرحدی علاقے میں گہری کھائی میں جاگری، 20افراد جاں بحق اور13زخمی ہوگئے صدر عارف علوی‘ وزیراعظم شہبازشریف‘ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو ودیگر کااظہار افسوس۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی بس اتوار کی رات تقریباً 3بجے شیرانی سے متصل خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی حدود میں مغل کوٹ دانا سر کے مقام پر بارش اورپھسلن کے باعث گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 20افراد جاں بحق جبکہ13زخمی ہوگئے‘ زخمیوں میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہے۔اسسٹنٹ کمشنر شیرانی مہتاب شاہ کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع یہ پہاڑی علاقہ دشوار گزار ہے جہاں بارش کے بعد سڑک پر پھسلن ہو رہی تھی۔ اسی پھسلن اور تیز رفتاری کے باعث ایک خطرناک موڑ پر ڈرائیور سے بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔جائے حادثہ پر بلوچستان کے میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹر 1122، خیبر پختونخوا کی ریسکیو1122، لیویز ، ایف سی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں ۔امدادی ٹیموں کو بارش ،اندھیرے اور گہرائی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔لاشوں اور زخمیوں کو پہلے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مغل کوٹ اور بعد ازاں ژوب منتقل کردیا گیا، گہری کھائی سے نکالنے اور فاصلہ طویل ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔ جاں بحق تمام افراد کی شناخت ہوگئی جن میں تین کا تعلق کوئٹہ کے علاقے کچلاک، تین کا پشین، دو کا تعلق ژوب، دو کا زیارت، دو کا قلعہ سیف اللہ، ایک لورالائی ، ایک کا تعلق قلعہ عبداللہ سے تھا جبکہ چار افغان باشندے بھی حادثے میں لقمہ اجل بنے۔ جاںبحق ہونے والوں میں محمد ادریس، انور الحق، فدا محمد، عزیز اللہ، حضرت، ڈرائیور نور شاہ ،ذوالفقار، سرور ، نواز خان، علائو الدین، عامر حمزہ، سید عتیق اللہ، عبدالوارث، ہومانی، بہائو الدین، عصمت اللہ، محمد ابراہیم، حبیب اوریار محمدشامل ہیں۔ زخمیوں میں پاک فوج کے 3 اہلکار بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے افراد میں بیشتر عید منانے اپنے آبائی علاقوں کی طرف جا رہے تھے۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران یہ دوسرا ہولناک حادثہ ہے۔ آٹھ جون کو بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں مسافر ویگن کھائی میں گرنے سے 22 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔المناک حادثے پر صدر مملکت عارف علوی ‘وزیراعظم محمد شہباز شریف‘وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازشریف‘ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے الم کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے حادثے میں زخمی افراد کو فوری اور بہترین طبی امداد پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی افراد کے علاج میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔