مزید خبریں

بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی بھرپورحصہ لیں گے،حسین محنتی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کراچی سمیت سندھ میں بدترین بجلی کی لوڈشیڈنگ پرگہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ مہنگائی سے لیکربجلی کی لوڈشیڈنگ تک موجودہ حکمرانوں کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں، بھاری ٹیکسوں کیساتھ عوام پرمسلسل پیٹرول بمباری مہنگائی،غربت اورظلم وناانصافیو ں کے مارے عوام کے ساتھ بدترین ظلم ہے،کے الیکٹرک کو ایک مافیا کی شکل اختیارکرگیا ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے،ثابت ہوگیا کہ چہروں سے نہیں نظام کی تبدلی سے ہی ملک ترقی اورعوام کوشحال ہوں گے۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہاکہ سخت گرمی حبس زیادہ ٹیکس اوربھاری بلزاداکرنے کے باوجود شہرمیں 14گھنٹے تک لوڈشیڈنگ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔بجلی کی طویل بندش سے شہری پریشان اور کاروبارٹھپ ہوجاتا ہے ۔صوبائی امیرنے کہاکہ مفادپرست حکمران صرف ٹیکس،بجلی اورپٹرول قیمتوں میں اضافہ کی بجائے کے الیکٹرک کو لگام ، مہنگائی پرکنٹرول، بجلی وگیس لوڈشیڈنگ کے خاتمے اورعام آدمی کا معیارزندگی بہتربنانے کے بھی عملی وٹھوس اقدامات کریں۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے قباء آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چوتھی بار اضافہ عوام کے ساتھ ظلم اور حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی اچھی تیاری کے ساتھ بھرپور حصہ لے گی، ہمارا مقصد صرف انتخابات جیتنا ہی نہیں بلکہ اپنی دعوت وپیغام کو عوام الناس تک پہنچانا ہے،سابق حکمرانوں کی طرح موجودہ حکومت نے بھی مہنگائی، بیروزگاری،بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت مسائل حل کرنے کے بجائے عوام کے مسائل میں اضافہ جبکہ وزراء کارکردگی کے بجائے بیان بازی والزام تراشیوں میں مصروف ہیں، اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو بحران اور عوامی مسائل سے نجات دلاسکتے ہیں۔ اجلاس میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کا جائزہ سمیت دیگر تنظیمی امور پر بھی غور کیا گیا۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے سندھ کے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیا، تمام اضلاع خاص طور پر بڑے شہروں میں امیدوار کھڑے کرکے مہم چلائی،کارکنان کا جوش وجذبہ قابل تحسین تھا،امیر صوبہ نے تمام ذمہ داران پر زور دیا کہ 24جولائی کو دوسرے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات اور امیدواروں کی کامیابی کے ساتھ اپنی دعوت وپیغام کو عام کرنے کیلیے بھرپور جدوجہد کی جائے۔