مزید خبریں

پاکستان ٹوٹنے کی بات ،عمران خان پر آرٹیکل 6 لگانے کا اس سے اچھا موقع نہیں،ایاز صادق

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق اسپیکر قومی اسمبلی و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے اسپیکر قومی اسمبلی سے درخواست کی ہے کہ عمران خان نے پاکستان ٹوٹنے کی جو بات کی اس ریفرنس کو عدالت عظمیٰ بھیجا جائے کیونکہ آئین کے آرٹیکل 6 لگانے کا اس سے اچھا موقع کوئی نہیں ہو سکتا۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے ریلوے سعد رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان کی نااہلی کی سزا ہر پاکستانی بھگت رہا ہے جبکہ ہمارے دوست ممالک عمران نیازی کے رویے کی وجہ سے ناراض ہو گئے جن کو ہم منارہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کواقتدار کا اتنا شوق ہے کہ اس کے بغیر رہ نہیں سکتا اور عدم اعتماد کی تحریک کو جان بوجھ کر لٹکایا اور کہا کہ اگر میں نہ رہا تو پاکستان کے 3 ٹکڑے ہو جائیں گے، اس پر جو احسان کرتا ہے یہ اْسی کو ڈستا ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ توشہ خانہ کے بارے میں ریفرنس اسپیکر کے پاس موجود ہے ہمیں بتایا جائے کہ توشہ خانہ کا کتنا مال فروخت کیا، رسیدیں کہاں ہیں، اس پر کتنا ٹیکس دیا کیونکہ اسپیکر نے 30 دن میں فیصلہ کرنا ہے پھر اگلے 30 دن میں الیکشن کمیشن نے اس پر فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں جو کچھ ہوا وہ تاریخ کا حصہ ہے اور اب عمران خان اپنی نالائقیوں کی وجہ سے گھر گئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مرضی کے خلاف فیصلہ آئے تو ججوں کے خلاف بات کرتا ہے، مخالفین سے بات کرنا پسند نہیں کرتا اور اگر بات کریں تو کہتا ہے کہ این آر او مانگ رہے ہیں مگر شریف آدمی کے ساتھ جھک کر بات ہوتی ہے جبکہ بدمعاشی کرنے والے کو منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔ انہوں نے عمران خان سے کہا کہ وہ دھاندلی کا رونا رونے کے بجائے ہمارا مقابلہ کرے۔اس موقع پر وفاقی وزیر ریلویز و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران مافیا کے غلط فیصلوں کی وجہ سے پاکستان آج مشکل دور سے گزر رہا ہے، دوسروں کو چور کہنے والا خود عادی چور اور مفت خورہ ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اداروں پرتنقید کرنا ، مخالفین کو گالیاں دینا اور غداری کے الزام لگانا عمران نیازی کا کام ہے، یہ ذہنی طور پر سول مارشل لاء￿ ایڈمنسٹریٹر بنا ہوا ہے، پاکستان کسی غیر متوازن شخص کی خواہشات کا غلام نہیں ہو سکتا۔