مزید خبریں

مارکیٹوںپر عائد وقت کی پابندی معطل کرنا تاجر دوست اقدام ہے، الطاف میمن

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے عید الاضحی تک بازاروں، مارکیٹوں اور ہوٹلوں پر عائد وقت کی پابندی کو ختم کر کے حکومت سندھ نے تاجر دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ جس پر حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت اور صوبائی سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر سعید احمد مگنیجو کا شکریہ ادا کرتا ہے اور ان کے اقدام کوسراہتے ہیں۔ اس فیصلے سے حیدرآباد کے تاجر سمیت شہریوں اور حکومت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجر معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اِن کو نظر انداز کر کے معیشت میں ترقی کرنا ممکن نہیں ہے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ حکومت سندھ تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر تاجر دوست اور ملکی معیشت کی خاطر ایسے ہی اقدامات کرتی رہے گی تو ملکی معیشت ضرور ترقی کرے گی۔ واضح رہے کہ صدر چیمبر الطاف میمن نے عید الاضحی کے موقع پر کاروباری اوقات کار بڑھانے کیلیے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر سہیل راجپوت اور صوبائی سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر سعید احمد مگنیجو کو خط لکھا تھا جس میں 10 دن یکم ذوالحجہ سے عید تک کاروباری اوقات کار رات 12 بجے تک کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔