مزید خبریں

اسلامو فوبیا پر مضبوط موقف کیلیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، عبدالخبیر آزاد

لاہور (صباح نیوز) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا کے حوالے سے مضبوط موقف اپنانے کیلیے سبھی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی سے ملاقات میں کیا۔ مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کو جامعہ نعیمیہ میں نئی ذمے داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں شخصیات نے قرآن مجید کی تعلیمات سے عام آدمی کو روشناس کرانے کے حوالے سے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ دوران ملاقات محرم الحرام 1444ھ کے دوران پائیدار بنیادوں پر قیام امن کیلیے تمام مسالک کے علما و مشائخ سے رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ بین المسلمین اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلیے دین اسلام کی تعلیمات سرچشمہ ہدایات ہیں، ہمیں بہر صورت ان پر عمل پیرا ہونا ہے۔ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ پنجاب قرآن بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا۔ غلطیوں سے پاک اور اچھے گرام کے کاغذ پر قرآن مجید کی طباعت اولین ترجیح، اس کیلیے قرآن مجید کے پبلشرز کو آن بورڈ لیا ہے اور ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری سے مشاورت اور رہنمائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔