مزید خبریں

انورمسعود ودیگر کا آغوش ہوم مری وکالج کادورہ‘طلبہ میں گھل مل گئے

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) معروف مزاحیہ شاعر انور مسعود نے الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر انتظام آغوش کالج مری کا دورہ کیا۔ کالج پہنچنے پر نیشنل ڈائریکٹر آغوش ہومز، پرنسپل، اسٹاف،بشمول ہیڈ آفس میڈیا ٹیم اور طلبہ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ مہمان کو الخدمت کے آغوش ہومز اور آغوش کالج مری کے تصور کے بارے میں بتایا گیا۔معروف مزاحیہ شاعر انور مسعود نے طلبہ سے بات چیت کی۔ طلبہ ان کی جاندار گفتگو اور مزاحیہ شاعری سے خوب محظوظ ہوئے۔اس دوران انور مسعود اور بچے گھل مل گئے۔ انور مسعود نے خوشی سے طلبہ کے کام پر اپنا آٹو گراف بھی دیا۔اس موقع پر قومی شاعر نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن خدمت خلق کا بہترین ادارہ ہے۔معزز مہمانوں نے طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو دیکھنے کے لیے ہاسٹل بلاک (رہائشی علاقہ) کا مختصر دورہ کیا۔ انہوں نے طلبہ کو فراہم کی جانے والی جدید ترین بورڈنگ اور اسکولنگ کی سہولیات کو سراہا۔آخر میں معزز مہمانوں نے طلبہ اور عملے کے ساتھ ایک یادگار تصویر کھنچوائی۔اس موقع پر عمار مسعود بھی موجود تھے۔ عمار مسعود نے خوش مزاج نوجوان لڑکوں اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کو دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آغوش کالج مری ان کی توقعات سے کہیں زیادہ ہے۔یاد رہے’’آغوش کالج مری‘‘ مر ی ایکسپریس وے پر اسلام آباد سے 35 کلو میٹر کی مسافت پر واقع ہے۔