مزید خبریں

وزیراعظم سے چودھری شجاعت کی ملاقات‘ سیاسی معاملات پر گفتگو

لاہور(آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔شہباز شریف نے لاہور میں چوہدری شجاعت حسین سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔وفاقی وزیر سالک حسین، صوبائی وزیر ملک احمد خان اور چوہدری شافع حسین بھی ملاقات میں شریک تھے۔وزیراعظم شہباز شریف اور چوہدری شجاعت حسین نے ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے پاکستان مسلم لیگ امریکا کے صدر میاں ذاکر نسیم نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ان کے صاحبزادے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین اور وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چودھری سالک حسین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پارٹی امور اور قومی معاملات کے حوالے سے تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران گفتگو چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کی مضبوطی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانی محب وطن اور باصلاحیت ہیں جن کی بدولت دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہو رہا ہے۔