مزید خبریں

وفاقی وزیر داخلہ کا بیان حکومت کی ناکامی اور بے بسی کا اظہار ہے

کراچی (تجزیاتی رپورٹ: محمدانور) وزیر داخلہ راناثنااللہ کا یہ کہنا کہ آئی ایم ایف نے تگنی کا ناچ نچادیا، دراصل مخلوط حکومت کی ناکامی اور بے بسی کا اظہار ہے۔ اس کے باوجود حکمران آئی ایم کے دباؤ پر مسلسل غیر معروف اور عوام دشمن فیصلے کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کے اس طرح کے بیانات سے یہ بھی تاثر ملتا ہے کہ مخلوط حکومت کا ٹولہ جلد ہی موجودہ حکومتی سیٹ اپ سے رضا کارانہ طور پر جان چھڑانے، وقت سے قبل نئے انتخابات کے لیے رضامندی کا بھی اظہار کررہا ہے۔ حکومت میں شامل جماعتوں کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وقت کے گزرنے کے ساتھ حکومتی جماعتیں مخلوط حکومت کے خاتمے کے لیے تیار ہوجائیں گی کیونکہ ان جماعتوں کے بیشتر قائدین اس بات پر اتفاق کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ اگر فوری طور پر حکومت سے جان چھڑاکر نئے انتخابات کی تیاری نہیں کی گئی تو آئندہ سال عام انتخابات کے موقع پر عوام انہیں مسترد کردیں گے بلکہ یہ بھی خدشات ہیں کہ ووٹ لینے کی بات کرنے کی صورت میں عوام ان سے نفرت کا اظہار کریں گے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر آئی ایم ایف نے وزیراعظم اور وزراء سمیت حکومتی اخراجات کم کرنے اور نئے ٹیکسز کے ذریعے آمدنی میں اضافے کی شرط لگائی تو وزیراعظم کے پاس حکومت کالعدم قرار دینے کے سوا کوئی راستہ نہیں رہے گا اور آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کے امکانات میں اضافہ ہوجائے گا۔