مزید خبریں

حلقہ فکروفن کے تحت نامورشاعرہ ریحانہ روحی کےاعزازمیں محفل مشاعرہ

سعودی عرب کی سب سے پرانی ادبی تنظیم “حلقہ فکروفن” نے نامورشاعرہ ریحانہ روحی کی ریاض آمد پر ان کے اعزاز میں مشہورشاعر آفتاب احمد ترابی کی زیر صدارت محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا۔ جبکہ مہمان خصوصی سفارت خانہ پاکستان کے قونصلر توصیف خاور تھے۔
حلقہ فکروفن کے جنرل سیکرٹری وقار نسیم وامق نے مشاعرہ کی نظامت کے فرائض ادا کرتے ہوئے اپنا خؤب صورت شعری کلام پیش کیا۔ انھوں کہا حلقہ فکروفن ہے جو گزشتہ چار دہائیوں سے ادب کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اور ڈاکٹر ریاض چوہدری کی صدارت میں ادبی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے اور یہ سفر یونہی جاری رہے گا۔ حلقہ کےناظم الامور ڈاکٹر طارق عزیز نے ریحانہ روحی کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے انکی ادب کے لئے خدمات تعریف کی اور بتایا کہ ریحانہ روحی پاکستان میں ادب کے فروغ کے لئے ہمیشہ کوشاں رہی ہیں ان کی چھ کتب اردو ادب میں بہترین اضافہ ہیں اور ان کی شاعری دلوں کو موہ لیتی ہے اور کراچی آرٹ کونسل میں سال ہا سال سے ان کی خدمات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ سنئیر نائب صدر بابائے ریاض قاضی اسحاق میمن نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ فکروفن کے پلیٹ فارم پر پاکستان سے ہمیشہ نامور شعراء کرام سعودی عرب تشریف لا کر مشاعروں کی رونقوں کو دوبالا کرتے آئے ہیں۔ قاضی اسحاق میمن نے تمام معزز مہمانوں کو سندھی اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔
ریحانہ روحی نے اپنے کلام کے ذریعے شاعری سے لگاو رکھنے والے حاضرین کے دل موہ لئے اور محبت جیسے حسین جذبے کو اجاگر کرتی نظموں اور غزلوں سمیت معاشرے میں عورت کے کردار اور اس کی خوبیوں کو نمایاں کرتی ہوئی شاعری کو پیش کیا جس کو سننے والوں نے خوب محظوظ کیا اور انہیں خوب داد سے بھی نوازا۔ ریحانہ روحی نے اپنے منفرد انداز سے ترنم میں بھی اشعار کو پیش کرکے خوب سماں باندھا اور سخنوروں کو اپنی شاعری اور دلفریب آواز کے سحر میں جکڑے رکھا۔ ریحانہ روحی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان سے باہر سعودی عرب میں ادب نوازوں نے ادب کی ترویج کے لئے جو کام کیا ہے وہ لائق تحسین ہے جس میں سب سے بڑا کردار حلقہ فکروفن کا ہے جس نے ہمیشہ ادب کے فروغ کے لئے کام کیا ہے اور دیار غیر میں ادبی سرگرمیوں کے ذریعے ادب کو آگے بڑھایا ہے۔
مہمان خصوصی توصیف خاور نے مشاعرے کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ سفارت خانہ پاکستان ایسے پروگراموں کی ہمیشہ سرپرستی کرتا رہے گا اور کوشش کرے گا کہ سفارت خانہ پاکستان میں مشاعروں کا انعقاد کیا جائے۔ توصیف خاور نے ریحانہ روحی سمیت تمام شعراء کرام کے کلام کو سراہا۔ اس موقع پر مہمانوں کو ڈاکٹر ریاض چوہدری عاجز کے شعری مجموعہ “نوائے عاجز” اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حناء امبرین طارق کے مجموعہ کلام ” اجالے بانٹ دینا تم” کے تحائف بھی پیش کئے گئے۔ صدرمشاعرہ نامور شاعر آفتاب ترابی نے بھی اپنا خوبصورت شعری کلام پیش کیا جسے شرکاء نے خوب پسند کیا۔ مشاعرے میں ریحانہ روحی، آفتاب ترابی، وقار نسیم وامق سمیت دیگر شعراء کرام میں ظف اقبال ،قلب عباس، سائرہ ناز، چوہدری سجاد علی، شہزاد عجمی، عمران اثر اور شعیب شہزاد نے کلام پیش کیا جبکہ حافظ عبدالوحید اورمخدوم امین تاجر نے اظہار خیال کیا اور مشاعرے کے انعقاد کو خوب سراہا۔