مزید خبریں

دھابیجی:بلال نگر کے عوام کا دیرینہ صفائی کا مسئلہ حل

دھابیجی(نمائندہ جسارت)بلال نگر دھابیجی کی عوام کا اہم اور دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا۔ گزشتہ کئی سالوں سے علاقے کے مرکزی سیوریج اور برساتی نالے کی صفائی نہ ہونے کے باعث مکین سخت مشکلات کا شکار تھے اور اکثر برسات کے موسم میں نکاسی نہ ہونے کے باعث نالہ بھر جانے سے گھروں کو شدید نقصان ہوتا تھا جس پر یوسی دھابیجی سے بلدیاتی الیکشن کیلیے عوام دوست (آزاد پینل) کے نامزد امیدوار برائے چیئرمین شاہد علی مری، وائس چیئرمین وحید خان، اُمیدوار برائے ڈسٹرکٹ کونسل ممبر رئیس مقبول کلمتی بلوچ اور کونسلرز ذوالفقار علی میمن، شفقت منگی، پیر محمد عرف ٹینیا نے پورے پینل کے ہمراہ پہنچ کر عوامی مطالبے پر اس نالے کی صفائی کا کام شروع کروا دیا ۔ اس موقع پر نامزد چیئرمین شاہد علی مری اور وائس چیئرمین وحیدخان ودیگر کا کہنا تھا کہ ماضی کے بلدیہ نمائندوں کی جانب سے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلیے کچھ نہیں کیا۔ علاقے میں صحت و صفائی، پینے کے پانی سمیت دیگر سہولتوں کا شدید فقدان ہے حالانکہ یوسی میں صفائی کا عملہ بھی موجود ہے لیکن صفائی کا ٹھیکیدار سیاسی بنیادوں پر لین دین کرکے ہر ماہ صفائی کیلیے آنے والا لاکھوں روپے کا فنڈ مبینہ طور پر سابق بلدیہ نمائندوں کے ساتھ مل بانٹ کر کھا رہا ہے اور علاقے میں صفائی کا نظام نہ ہونے کے برابر ہے جس کے باعث پوری یوسی میں مسائل کے انبار لگے ہوئے ہیں بلال نگر کے مرکزی قبرستان سمیت جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں اور علاقہ مکین سخت مشکلات سے دو چار ہیں۔