مزید خبریں

ٹاؤن کمیٹی جھڈو میں پیپلزپارٹی ووٹ لینے میں پہلے نمبر پر رہی

جھڈو(نمائندہ جسارت) میرپور خاص ڈویژن میں پہلے مرحلے کے دوران 25 جون کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ٹاؤن کمیٹی جھڈو کے 10 وارڈز میں ہونے والے الیکشن میں پیپلزپارٹی نے مجموعی طور پر 4508 ووٹ حاصل کیے جبکہ پیپلز پارٹی کی مخالفت میں 3998 ووٹ ڈالے گئے،پیپلز پارٹی نے ماضی کے بلدیاتی انتخابات کے مقابلے میں حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر ریکارڈ ووٹ حاصل کرکے ٹاؤن کمیٹی جھڈو کی 11 میں سے 8 نشستیں جیت کر واضح برتری حاصل کر لی ہے جبکہ وارڈ نمبر 6 میں پیپلز پارٹی کے نامزد اُمیدوار ممتاز کھوسو بلا مقابلہ جنرل کونسلر منتخب ہوگئے تھے جس کی وجہ سے 25 جون کو ٹاؤن کمیٹی جھڈو کے 11 وارڈز میں سے صرف 10 وارڈز میں الیکشن ہوئے تھے اور وارڈ نمبر 6 میں الیکشن نہیں ہوا تھا ۔تفصیلات کے مطابق بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے الیکشن میں ٹاؤن کمیٹی جھڈو کے 10 وارڈز میں پاکستان پیپلزپارٹی نے سرکاری اور حتمی نتائج کے مطابق مجموعی طور پر 4508 ووٹ حاصل کیے، جس میں ٹاؤن کمیٹی جھڈو کے وارڈ نمبر 11 میں پیپلز پارٹی کے کامیاب ہونے والے جنرل کونسلر سید امداد شاہ انفرادی طور پر سب سے زیادہ 744 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے جبکہ وارڈ نمبر 9 میں شہری اتحاد کے کامیاب ہونے والے نومنتخب جنرل کونسلر علی گلزار قائم خانی 702 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے اور وارڈ نمبر 10 میں پیپلز پارٹی کے کامیاب ہونے والے جنرل کونسلر ( اور ٹاؤن کمیٹی جھڈو کے چیئرمین کے مضبوط ترین امیدوار) میر کامران تالپور انفرادی طور پر 623 ووٹ حاصل کر کے ٹاؤن کمیٹی جھڈو کے انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کے حوالے سے تیسرے نمبر پر رہے ، دوسری جانب ٹاؤن کمیٹی جھڈو کے بلدیاتی الیکشن میں پاکستان پیپلزپارٹی کی مخالفت میں مجموعی طور پر 3998 ووٹ ڈالے گئے جس میں پیپلز پارٹی کے خلاف سب سے زیادہ وارڈ نمبر9 میں 708 ووٹ ڈالے گئے اور پیپلز پارٹی کی مخالفت میں سب سے کم ووٹ وارڈ نمبر 11 میں مجموعی طور پر 46 ووٹ ڈالے گئے، بلدیاتی انتخابات کے حتمی اور سرکاری نتائج کے اعلان کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے ٹاؤن کمیٹی جھڈو کے الیکشن میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ 4508 ووٹ حاصل کرکے سب سے زیادہ 8 نشستیں حاصل کر کے واضح اکثریت حاصل کر لی ہے جس کے نتیجے میں ٹاؤن کمیٹی جھڈو کا آ ئندہ چئیرمین اور وائس چیئرمین پیپلز پارٹی سے ہوگا۔حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ٹاؤن کمیٹی جھڈو کے گیارہ وارڈز میں پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان، تحریک لبیک پاکستان،مختلف برادریوں کے اتحاد شہری اتحاد اور آزاد امیدوار بھی میدان میں تھے ۔